0
Tuesday 21 Mar 2023 21:36

ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر حملہ، تین فوجی جوان شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر حملہ، تین فوجی جوان شہید
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھوٹی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو مسدود کردیا۔ اس دوران فرار کی کوشش کرنیوالے دہشتگردوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں گھر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تینوں دہشت گرد مارے گئے، تاہم اس دوران تین فوجی جوانوں حوالدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے بھی جام شہادت نوش کیا جبکہ سپاہی اصغر اور حذیفہ شدید زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جبکہ دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ اس معرکے میں شہید ہونے والے لودھراں کے حوالدار محمد اظہر نے سوگواران میں 4 بیٹے اور 1 بیٹی چھوڑے ہیں، خانیوال سے تعلق رکھنے والے نائیک محمد اسد نے بیوی اور ایک بیٹا جبکہ ضلع جنوبی وزیرستان کے سپاہی محمد عیسیٰ نے سوگواران میں والدین، 2 بہنیں اور 3 بھائی چھوڑے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1047938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش