QR CodeQR Code

مولانا صوفی عبدالقیوم کو نشانہ بنانے سے قبل مکمل ریکی کی گئی، تفتیشی حکام کی تحقیقات جاری

23 Mar 2023 23:06

تفتیشی حکام کے مطابق جائے حادثہ سے علاقے کا روڈ میپ تیار کر لیا گیا، جیوفینسنگ سمیت جدید ٹیکنالوجی سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں صوفی عبدالقیوم کی ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات جاری ہیں، تفتیشی ذرائع کے مطابق صوفی عبدالقیوم کو نشانہ بنانے سے قبل مکمل ریکی کی گئی اور ملزمان مسجد اور آس پاس کی گلیوں میں کئی منٹ گھومتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس سمیت مختلف اداروں کی جانب سے کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 9 میں صوفی عبدالقیوم کی ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا خول ماضی کی وارداتوں سے میچ نہ ہو سکا، صوفی عبدالقیوم کو نشانہ بنانے سے قبل مکمل ریکی کی گئی اور ممکنہ طور پر اجرتی قاتلوں کے ذریعے ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان کو داخلی و خارجی راستوں کے بارے میں معلومات تھیں، جبکہ مسلح ملزمان نے ہدف کو اکیلا دیکھ کر ٹاسک پورا کیا، گولی چلانے والے ملزم نے ماسک دوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ایک ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے 3 واقعات ہو چکے ہیں، تینوں واقعات میں مماثلت اور دیگر چیزیں بھی دیکھ رہے ہیں، کچرا اٹھانے والے بچے کا بیان کافی اہم تھا۔ فائرنگ کرنے والے ملزمان فجر سے قبل علاقے میں موجود تھے، ٹارگٹ کلر گلی کے کونے پر بند ریسٹورنٹ پر بھی نظر آئے، جبکہ مسجد اور آس پاس کی گلیوں میں کئی منٹ گھومتے رہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق جائے حادثہ سے علاقے کا روڈ میپ تیار کر لیا گیا، جیوفینسنگ سمیت جدید ٹیکنالوجی سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1048325

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048325/مولانا-صوفی-عبدالقیوم-کو-نشانہ-بنانے-سے-قبل-مکمل-ریکی-کی-گئی-تفتیشی-حکام-تحقیقات-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org