0
Friday 24 Mar 2023 01:41

نادرا کی نئی ایپ، شہری اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی کارڈ بنواسکیں گے

نادرا کی نئی ایپ، شہری اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی کارڈ بنواسکیں گے
اسلام ٹائمز۔ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)  نے شہریوں کی سہولت کے لیے نئی ایپ متعارف کرائی ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے شہری اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔ نادرا کی پاک آئی ڈئی موبائل ایپ کی وجہ سے شہریوں کو نادرا کے دفاتر جاکر طویل قطاروں میں کھڑے ہونے اور گھنٹوں کے انتظار سے نجات مل جائے گی، اور وہ شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بنوانے کی درخواستوں کی تمام تر کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کرسکیں گے اور شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر بھی منگوا سکیں گے۔ نئی موبائل ایپ کی اہم خصوصیات پرروشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بایومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے جن کی بدولت شناختی دستاویزات بنوانے  کی پوری کارروائی اسمارٹ فون کے ذریعے ہی مکمل کی جاسکتی ہے۔

طارق ملک نے کہا کہ یہ موبائل ایپ شہریوں کے لیے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نادرا کی کامیابیوں میں بھی ایک نیا اضافہ ثابت ہو گی، جس کی بدولت قبل ازیں پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے جس نے بایومیٹرک لینے اور دستاویزات جمع کرانے جیسی سہولیات آن لائن متعارف کرا دی ہیں۔ چیئرمین نادرا نے بتایا کہ اس ایپ کی تیاری میں “کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی” کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا کر جدید ڈیجیٹل سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری اس ایپ میں دیے گئے سروے کے ذریعے ہمیں اپنی مفید آرا سے ضرور آگاہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 1048354
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش