0
Friday 24 Mar 2023 00:35
الیکشن ملتوی کرنے پر توہین عدالت کا کیس کرینگے

الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد پرویز الہیٰ حکومت بحال ہوگئی، اظہر صدیق

الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد پرویز الہیٰ حکومت بحال ہوگئی، اظہر صدیق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پنجاب میں الیکشن کے التواء کا فیصلہ توہین عدالت ہے، الیکشن ملتوی کرنے پر توہین عدالت کا کیس کریں گے، الیکشن کمیشن کے ارکان نجومی بھی بن گئے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ آٹھ اکتوبر کو ملک میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں گی۔ پنجاب کی نگراں حکومت پی ڈی ایم کی حکومت نظر آتی ہے، نگراں سیٹ اپ صرف انتخابات کروانے کیلئے آتا ہے، الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد پرویز الہیٰ کی حکومت بحال ہوگئی ہے۔ وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام  میں گفتگو کر رہے تھے۔

پروگرام میں صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون بھی شریک تھے۔ صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف میں بات چیت کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، یہ سیاسی بحران ہے اسے سیاسی طور پر حل ہونا چاہیئے، عمران خان بات چیت کیلئے آمادگی سے پیچھے نہیں ہٹے، اس لیے ملاقات کی امید باقی ہے۔جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکتی، لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو آر اوز دینے سے انکار کر دیا۔ پی ٹی آئی اس کیخلاف توہین عدالت فائل کرے، عمران خان کیخلاف پچاس کیس بھی رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا پنجاب میں الیکشن کے التواء کا فیصلہ توہین عدالت ہے، الیکشن کمیشن الیکشن کا شیڈول آگے پیچھے کرسکتا ہے، لیکن اسے ختم نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن کے ارکان نجومی بھی بن گئے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ آٹھ اکتوبر کو ملک میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہوں گی، پنجاب میں الیکشن کے التواء پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینے کیلئے لکھ دیا ہے، الیکشن ملتوی کرنے پر توہین عدالت کا کیس کریں گے۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوگی تو وہی توہین عدالت کی کارروائی کرے گی، الیکشن کمیشن جانبدارانہ کردار ادا کر رہا ہے، الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کرکے اپنا ہی حلف توڑ دیا، سپریم کورٹ کی 30 اپریل کو انتخابات کروانے کی تاریخ حتمی ہے، الیکشن کمیشن اس تاریخ میں ردوبدل نہیں کرسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1048395
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش