QR CodeQR Code

مزید نئے روٹس پر پیپلز الیکٹرک بس سروس چلانے کا فیصلہ

24 Mar 2023 17:29

اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، سندھ حکومت بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے، یہ پروجیکٹ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کی بہتری کا سب اہم پروجیکٹ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے رمضان المبارک میں مزید نئے روٹس پر پیپلز الیکٹرک بس سروس چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹس سے متعلق اہم اجلاس میں کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت مزید نئی الیکٹرک بسیں لائی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس، بی آر ٹی ریڈ لائن، اورنج لائن اور یلو لائن پروجیکٹس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں عالمی بینک کے تعاون سے یلو لائن پروجیکٹ پر جلد کام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ یلو لائن پروجیکٹ کے تحت نئے بننے والے جام صادق پل کا ٹینڈر 2 مئی تک ایوارڈ کر دیا جائے، اس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یلو لائن پروجیکٹ کے بس ڈپو کی تعمیر کے مسائل بھی حل کئے جائیں تاکہ ان کی تعمیر کا آغاز ہوسکے۔ صوبائی وزیر نے بی آر ٹی ریڈ لائن سے متعلق کام کی رفتار پر ہفتہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، سندھ حکومت بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے، یہ پروجیکٹ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کی بہتری کا سب اہم پروجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے کنٹریکٹرز کو رواں ہفتہ 400 ملین روپے کی ادائیگیاں کردی ہیں، پروجیکٹ کی لاٹ ون اور لاٹ ٹو پر 24 گھنٹے دو شفٹوں میں کام یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال حکیم اور این آر ٹی سی پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 1048449

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048449/مزید-نئے-روٹس-پر-پیپلز-الیکٹرک-بس-سروس-چلانے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org