QR CodeQR Code

ہم کشمیری عوام کے حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ

25 Mar 2023 15:17

حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے صدر نیشنل کانفرنس نے کہا کہ ہمارے اتحاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، چاہے وہ کانگریس ہو، نیشنل کانفرنس ہو یا پینتھرس پارٹی۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی کا رام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، یہ پارٹی صرف رام مندر پر لوگوں کا استحصال کر رہی ہے اور اسی مدعے پر الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سیاسی فائدے کے لئے رام کو بیچنے کی حد تک بھی جا سکتے ہیں لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیئے کہ رام کا تعلق صرف بی جے پی یا آر ایس ایس سے نہیں ہے۔ فاروق عبداللہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی اقتدار میں رہنے کے لئے صرف رام کے نام کا استعمال کرتی ہے، جب اقتصادی بدحالی عروج پر ہے، نوجوانوں کے لئے نوکریاں کہیں نہیں اور مہنگائی آسمان چھو گئی ہے، بی جے پی چاہتی ہے کہ لوگ انہیں صرف رام کے بھگت کے طور پر دیکھیں۔

جموں و کشمیر میں انتخابات سے قبل مذہبی منافرت کی کوششوں سے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کہا کہ بی جے پی انتخابات کے دوران ہندو خطرے میں ہیں، کا بہت استعمال کرے گی، لیکن میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں جب جموں و کشمیر میں انتخابات کا اعلان ہوگا تو عام آدمی کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹانے کے لئے رام مندر کا افتتاح کیا جائے گا اور یہ سب کچھ ووٹ بٹورنے کے لئے کیا جائے گا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے صدر نیشنل کانفرنس نے کہا کہ ہمارے اتحاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، چاہے وہ کانگریس ہو، نیشنل کانفرنس ہو یا پینتھرس پارٹی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کشمیری عوام کے لئے لڑیں گے اور مریں گے، لیکن ہم سب متحد رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1048625

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048625/ہم-کشمیری-عوام-کے-حقوق-کیلئے-لڑتے-رہیں-گے-ڈاکٹر-فاروق-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org