QR CodeQR Code

ملک کے بحرانوں کا واحد حل عام انتخابات ہیں، سراج الحق

عمران خان زمان پارک میں محفوظ نہیں تو منصورہ آ جائیں،یہاں محفوظ رہیں گے

25 Mar 2023 15:53

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس میں امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی انتخابات ملتوی کرنا آئین شکنی ہے، دو صوبوں میں انتخابات کروانا مسلے کا حل نہیں، مرکزی حکومت کو استعفیٰ دینا چاہیے اور ساتھ ہی پورے ملک میں انتخابات کروائے جائیں تاکہ مشکل حالات ختم ہو سکیں۔ پنجاب کی نگران حکومت ناکام ہو چکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حالات خراب ہو رہے ہیں، گزشتہ چند روز میں مفت آٹے کے حصول کیلئے 5 لوگ شہید ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم زرعی ملک ہیں، جہاں آٹا مہنگا اور موت سستی ہو چکی ہے، 23 کروڑ عوام کا سمندر ہے، بدقسمتی ہے کہ اٹا، چینی، چائے عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، سبزی اور پھل بھی عام آدمی اب اپنے بچوں کو نہیں کھلا سکتا، ادویات تک مہنگی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 1 کروڑ سے زائد عوام ڈپریشن کا شکار ہیں، حیران ہیں کہ جب پی ڈی ایم حکومت میں نہیں تھی اس وقت تک پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے لانگ مارچ کیا تھا، تو آج مہنگائی کیخلاف نہ تو پیپلز پارٹی نکلتی ہے نہ ہی پی ٹی آئی، آٹا مفت فراہم کرنا یا پٹرول 100 روپے سستا کرنا صرف اور صرف ڈھکوسلے بازی ہے، اگر یہ حکومت واقعی عوام کو سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے تو کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی کرے۔

انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی جگہ سستا آٹا فراہم کیا جائے، جو ہر ایک کی پہنچ میں ہو، پی ٹی آئی کے دور میں ادویات بحران آیا تو پتا چلا کہ خود وزیر ملوث تھا، اب بھی یہی صورت ہے ہر ایک مافیا موجود تھے۔ یہ حکومت مشیروں اور وزیروں کی فوج کیساتھ ہے لیکن ناکام حکومت ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی انتخابات ملتوی کرنا آئین شکنی ہے، دو صوبوں میں انتخابات کروانا مسلے کا حل نہیں، مرکزی حکومت کو استعفیٰ دینا چاہیے اور ساتھ ہی پورے ملک میں انتخابات کروائے جائیں تاکہ مشکل حالات ختم ہو سکیں۔ پنجاب کی نگران حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ پنجاب کی نگران حکومت بھی پی ڈی ایم کا حصہ بن چکی ہے اور صرف اور صرف پی ڈی ایم کو فائدہ پہنچا رہی ہے، ہمیں انتخابات کی طرف جانا ہوگا تاکہ حالات بہتر ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کیلئے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو سیز فائر کرنا ہوگا اور مل کر مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ ایک سیاسی جماعت نے جلسے کا اعلان کیا تو حکومت نے اسکی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دیں۔ ماضی میں ہم نے دیکھا کہ سیاستدانوں کی جانب سے مذاکرات نہ ہونے کی وجہ سے مارشل لاء لگا، اب بھی اگر پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی مل کر نہ بیٹھیں اور مسائل کا حل نہ نکالا تو ایک اور مارشل لا آ سکتا ہے۔ امیرجماعت کا کہنا تھا کہ کراچی میں لوگوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا لیکن پیپلز پارٹی ناجائز طریقے سے جیالے کو کراچی کا مئیر بنانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ایسا نہیں ہونے دیں گے، کراچی کا مئیر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا، انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کا بھی حکم موجود ہے، اگر حکومت نے وہ فیصلہ نہ مانا تو حالات مزید خراب ہونگے، عمران خان بار بار کہتے ہیں کہ وہ زمان پارک میں محفوظ نہیں، وہ منصورہ آ جائیں یہاں وہ محفوظ رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1048634

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048634/ملک-کے-بحرانوں-کا-واحد-حل-عام-انتخابات-ہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org