QR CodeQR Code

پاکستان سویلین مارشل لاء کی طرف جاچکا ہے، حلیم عادل شیخ

25 Mar 2023 16:20

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پاکستان بنانا ریپبلک بن گیا ہے، 13 سیاسی جماعتیں سویلین مارشل لاء کا حصہ ہیں، الیکشن کمیشن کے 5 لوگ آئین توڑ چکے ہیں، آرٹیکل 6 لگنا چاہیئے


اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ حیدرآباد بار ایسوسی ایشن پہنچے۔ ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما امین اللہ خان موسیٰ خیل، رانا وسیم، ایڈووکیٹ بھگوانداس بھیل، عمران قریشی، لالا اویس خان، خادم ترک، تیمور کیریو، اظہر حیدر، عادل چانڈیو، اویس قیصر، دیگر ہمراہ رہنما بھی شامل تھے۔ حلیم عادل شیخ نے حیدرآباد بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب جنرل سیکرٹری فیصل مغل سمیت دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سندھ کی ثقافت اجرک کے تحائف پیش کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج پاکستان پر خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں، جب آئین خطرے میں آجائے تو ریاست خطرے میں آجاتی ہے، موجودہ صورتحال نے آئین کو خطرے میں ڈال دیا ہے، موجودہ صورتحال میں قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لئے وکلا برادری کو آگے آنا ہوگا، کوئی اسمبلی تحلیل ہو تو آئین کہتا ہے کہ 90 روز میں الیکشن ہوں مگر  الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو اٹھا کر پھینک دیا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان بنانا ریپبلک بن گیا ہے، جن کا ریاست کو بچانے کیلئے کردار ہونا چاہیے وہ تماشہ دیکھ رہے ہیں، وکلا کو عمران خان کیلئے نہیں پاکستان کیلئے آگے آنا ہوگا، یہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے، ہمیں صرف وکلا سے امید ہے، پاکستان سویلین مارشل لاء کی طرف جاچکا ہے، عمران خان پر حملہ ہوا تو یہ ثبوت مانگ رہے ہیں، 13 سیاسی جماعتیں سویلین مارشل لاء کا حصہ ہیں، الیکشن کمیشن کے 5 لوگ آئین توڑ چکے ہیں، آرٹیکل 6 لگنا چاہیئے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا آج ہر چیز مہنگی ہے، عوام سے دو وقت روٹی چھینی جاچکی ہے، عوام کے حقوق کو روندا جارہا ہے، چور سب مل کر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان عوام کے لاڈلے ہیں، عمران خان سلیکٹڈ بھی ہے، اللہ نے عوام کیلئے سلیکٹ کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1048639

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048639/پاکستان-سویلین-مارشل-لاء-کی-طرف-جاچکا-ہے-حلیم-عادل-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org