QR CodeQR Code

آئین کی خلاف ورزی، عدالت اور قانون کی توہین ہی عمران خان کا وژن اور سیاست ہے، شیریں رحمان

25 Mar 2023 18:41

سوشل میڈیا پر بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی لابنگ کمپنیوں سے معاہدے کر کے کس منہ سے امریکی غلامی اور حقیقی آزادی کے لیکچر دے رہے؟


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں وہ آج جلسے میں اپنے حقیقی آزادی کے وژن پر روشنی ڈالیں گے۔ آپ کے وژن سے قوم ہر روز مستفید ہوتی ہے، آپ کے انتشار، گالم گلوچ، الزام تراشی، نفرت اور تقسیم کے وژن سے قوم خوب واقف ہے، آج ملک میں جو بحران اور طوفان بدتمیزی برپا ہے وہ آپ ہی کے وژن کی بدولت ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیری رحمان نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

 
شیری رحمان نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی، عدالت اور قانون کی توہین ہی آپ کا وژن اور سیاست ہے، گرفتاری سے بچنے کیلئے ریاست اور عدالت کی رٹ کو چیلنج کر کے آپ جلسوں میں حقیقی آزادی کے نعرے لگا رہے، آپ امریکی لابنگ کمپنیوں سے معاہدے کر کے کس منہ سے امریکی غلامی اور حقیقی آزادی کے لیکچر دے رہے؟ شیری رحمان نے کہا کہ جلسہ بے شک کریں لیکن انتشار اور تقسیم کو ہوا نہ دیں، جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے لیکن ان جلسوں میں ضابطہ اخلاق قانون کو پامال نہ کریں،  خود آئین، قانون اور عدلیہ کی توہین کر کے عوام کو اخلاقیات، آزادی اور قانون کی حکمرانی کا درس نہ دیں۔ یہ دوہرا معیار بند کریں۔


خبر کا کوڈ: 1048672

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048672/آئین-کی-خلاف-ورزی-عدالت-اور-قانون-توہین-ہی-عمران-خان-کا-وژن-سیاست-ہے-شیریں-رحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org