0
Monday 27 Mar 2023 17:54

وزیر داخلہ کے ”یہ رہینگے یا ہم“ جیسے بیانات جمہوریت کی نفی ہیں، جماعت اسلامی

وزیر داخلہ کے ”یہ رہینگے یا ہم“ جیسے بیانات جمہوریت کی نفی ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی جانب سے اپنے سیاسی مخالفین کو غدار وطن قرار دینے کے بعد اب ”یہ رہیں گے یا ہم“ اور آخری حد تک جانے کے بیان کو جمہوریت کی نفی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولی، گالی اور انتقامی سیاست نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ سابق وزیراعظم اپنا بویا ہوا کاٹ رہے ہیں، عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں مخالفین کے خلاف مقدمات بنائے، پولیس، ایف آئی اے، نیب کا بے دردی سے استعمال کیا، تلخی اور شدت کا زہر گھولا، اب اتحادی حکومت بھی اسی ڈگر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں انتقام کا اسلوب کبھی کسی کو راس نہیں آیا، جانبدارانہ حربوں سے قانون اور عدلیہ ہی رسوا ہوتی ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سیاست ایک دوسرے کو برداشت، بردباری اور ملک میں حقیقی جمہوریت، عوامی مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد کا نام ہے، لیکن سیاسی عدم برداشت، گالم گلوچ کا نام بن چکی۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی، پُرامن احتجاج ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے، لیکن حکومتی زعماء کے بیانات جلتی ہوئی آگ پر پیٹرول چھڑکنے کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی وحدت کو قائم اور ملک کو بحرانوں سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ اب حکمران اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی، مذہبی جماعتیں پارٹی اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک میز پر بیٹھیں، حکمرانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سیاست کو ذاتی انتقام اور دشمنی کی حد تک لیکر نہ جائیں، اس میں ہی قوم اور ملک کی بہتری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1048848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش