QR CodeQR Code

فلسطین فاونڈیشن کے تحت سالانہ القدس اجلاس اور افطار وحدت کا انعقاد

26 Mar 2023 19:53

اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے عناصر اسکولوں اور مختلف مقامات پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے لئے نرم گوشہ پیدا کرنے کی گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاونڈیشن کے زیر اہتمام اسلامک ریسرچ سینٹر لان میں یوم القدس کے عنوان سے سالانہ القدس اجلاس اور افطار وحدت کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، خطباء، ذاکرین، اسکالرز، دانشور، یونیورسٹیز کے اساتذہ، صحافی، وکلاء سمیت سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی میزبانی کے فرائض قاری عبد الوحید یونس نے انجام دیئے۔ القدس اجلاس و افطار وحدت پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی اراکین بشمول جماعت اسلامی کے ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، خاتون دانشور ڈاکٹر صدف مصطفی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونی ریاست اسرائیل کو غاصب اور ناجائز قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے عناصر اسکولوں اور مختلف مقامات پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے لئے نرم گوشہ پیدا کرنے کی گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت رمضان المبارک میں جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا سرکاری اعلان کرے او ر ملک بھر میں اسرائیل کے سلیپر سیل کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ملک بھر میں 23 رمضان المبارک بروز جمعہ کو عالمی یوم القدس منائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو آزاد نہیں چھوڑا جاسکتا تاہم ان کا ہر سطح پر راستہ روکنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ مقررین نے باہمی اتحاد کو فروغ دینے اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے سمیت عالمی صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی اتحاد پر زور دیا۔

القدس اجلاس و افطار وحدت میں مسلم پرویز، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ عقیل انجم، علامہ ناظر تقوی، مفتی فیروز الدین رحمانی، مفتی مرتضیٰ رحمانی، سید ارشد نقوی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ باقر حسین زیدی، علامہ حسن رضا، مولانا مجیر میثمی، علامہ امین انصاری، علامہ عبد الخالق فریدی، مفتی داؤد، سید شبر رضا، مفتی عبد المجید، صاحبزادہ معاذ نظامی، صاحبزادہ شاہ حسین رحمانی، فیصل شیخ، علامہ یعقوب قمی، مولانا عباس جعفری، پیر سید ارشد حسین اشرفی، صاحبزادہ ثاقب محمود نوشاہی، محمد عالم بادشاہ ایڈوکیٹ، زاہد علی ایڈوکیٹ، عقیل محمد زوار، آغا سید سبط حیدر موسوی، علامہ کامران حیدر عابدی، مولانا غلام عباس، مولانا سید بدر الحسنین، حزب اللہ جاکھڑو، آغا خصال الحسن، علامہ محمد عوسجہ رضوی، جمشید حسین، طیب حسین، مولانا جنید باری، علامہ مبشر حسن، مولانا محمد رضا جعفری، مسرور ہاشمی، مولانا عزیز الرحمان، عاطف مہدی، فخر کشمیری، کرامت علی، الیاس مغل سمیت طلباء و طالبات اور فلسطین فاؤندیشن پاکستان کی ورکنگ کمیٹی اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔


خبر کا کوڈ: 1048856

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048856/فلسطین-فاونڈیشن-کے-تحت-سالانہ-القدس-اجلاس-اور-افطار-وحدت-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org