0
Monday 27 Mar 2023 10:10
جنگ اور جارحیت کے جاری رہنے کا مطلب وسیع پیمانے پر شکست ہے

ہم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہیں، محمد علی الحوثی

یمن میں ایرانی مداخلت کے حوالے سے جارحین کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا
ہم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہیں، محمد علی الحوثی
اسلام ٹائمز۔ یمن کے خلاف جنگ کے آٹھ سال مکمل ہونے پر گذشتہ روز صنعاء اور دیگر صوبوں میں "قومی یوم استقامت" کے نام سے ریلیاں نکالی گئیں۔ المسیرہ نے ان ریلیوں میں یمن کے مختلف قبائل کی وسیع پیمانے پر شرکت کے بارے میں خبر دی۔ صنعاء میں جاری اس عوامی اجتماع سے یمنی پولیٹیکل کونسل کے رکن "محمد علی الحوثی" نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد سید عبد المالک بدر الدین الحوثی ہمارے لئے جس بھی راستے کا انتخاب کریں گے، ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ انصار الله کے رہنماء نے کہا کہ ہماری غیور عوام مستکبر اور جابر ممالک کی جارحیت کے خلاف اُٹھ کھڑی ہوئی، حالانکہ یہ ممالک یمن سے جنگ کو مذاق سمجھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جارح اتحاد ان جرائم کا مرتکب ہوا ہے کہ جن سے انکار ممکن نہیں۔ اُن کی یہی بربریت ہماری مزاحمت میں تقویت کا سبب بنی۔ محمد علی الحوثی نے کہا کہ ہم اول روز سے کہہ رہے ہیں کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور ہم اس کی لڑائی نہیں لڑ رہے۔ لیکن جارحین نے نے یمن میں ایران کی موجودگی کا دعویٰ کیا اور آج وہ خود امن و مذاکرات کے لئے ایران کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انصار الله کے رہنماء نے کہا کہ ہم میڈیا یا اشتہارات کی حد تک نہیں بلکہ حقیقی طور پر امن چاہتے ہیں۔ ہم اس سلسلے میں بین الاقوامی قوانین کے متصادم یا ناقابل عمل شرائط نہیں رکھتے۔ محمد علی الحوثی نے اقوام متحدہ پر تنقید بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے یمن کے خلاف محاصرے اور نقصان کی مالی ادائیگی میں معطلی کو قانونی جواز فراہم کیا۔ ہم نے دیکھا کہ یہ ادارہ یمن کے خلاف جانبدار ہوگیا۔ انہوں نے کہا چونکہ اس جنگ کی سربراہی امریکہ کر رہا تھا، اس لئے اس ادارے کا مقصد صرف اس جارح اتحاد کے جرائم کو چھپانا تھا۔ انصار الله کے رہنماء نے وضاحت کے ساتھ کہا کہ ہم اپنے جائز حقوق اور اور وطن کے دفاع میں ڈٹے رہیں گے، ہرگز قبضے اور ناکہ بندیوں کو جاری نہیں رہنے دیں گے۔ ہم اپنے ملک کی فضاء، بحر اور بر سے غیر ملکی طاقتوں کے نکلنے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وطن کی مکمل آزادی اور استحکام تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ محمد علی الحوثی نے جارح اتحاد کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اور جارحیت کے جاری رہنے کا مطلب وسیع پیمانے پر شکست ہے۔
خبر کا کوڈ : 1048955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش