QR CodeQR Code

امید ہے کہ عدلیہ آئین کا تحفظ کریگی، ہم اعلیٰ عدلیہ کیساتھ ہیں

انتخابات کیلئے مل بیٹھ کر بات کرسکتے ہیں، لیکن حکومت کی نیت میں خلل ہے، شاہ محمود قریشی

27 Mar 2023 11:35

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئین واضح ہے کہ الیکشن کب ہونگے، جو بہانہ بنایا جا رہا ہے، وہ کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے وسائل نہیں ہیں، پی ایس ایل اور عمران کی پیشی پر تعیناتی کیلئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتخابات کیلئے مل بیٹھ کر بات کرسکتے ہیں، لیکن حکومت کی نیت میں خلل ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میڈیا کی بندش سے حقائق دب نہیں سکتے ہیں، ہم پرامید ہیں، آئین واضح ہے کہ الیکشن کب ہوں گے، جو بہانہ بنایا جا رہا ہے، وہ کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے وسائل نہیں ہیں، پی ایس ایل اور عمران کی پیشی پر تعیناتی کیلئے ہیں۔

امید ہے کہ عدلیہ آئین کا تحفظ کرے گی، ہم اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ ہیں، ہمارے کارکنان کو پنجاب میں گرفتار کیا گیا، 2 ہزار کے قریب بندوں کو گرفتار کیا گیا، خوف کا بت ٹوٹ گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے کتراتے نہیں، مگر حکومت کی نیت میں خلل ہے، ایک طرف مذاکرات دوسری طرف ہمارے بندے گرفتار، ہم انتخابات کے لیے مل بیٹھ کر بات کرسکتے ہیں، ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے، سینیٹ میں اسحاق ڈار کے بیان سے ایک ہیجان پیدا ہوگیا ہے۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کورٹس آتے ہیں تو کارکنان کو بلا لیتے ہیں، آپ نہیں سمجھتے یہ روایت غلط ہے.؟ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو جب بھی بلایا جائے گا, اس کے ورکرز اور چاہنے والے آئیں گے. ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان جیل چلے بھی جائیں تو کیا فرق پڑتا ہے.؟ ترقی پذیر ممالک میں یہ نئی بات نہیں۔ پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ حیران ہوں، آپ ایک جرنلسٹ ہیں، کارکنان کو گرفتار کرنے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ آپ کو ہمت اور حوصلہ دے۔ صحافی نے کہا کہ گرفتاریوں کی تاریخ رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ اگر تاریخ میں غلط ہوا، غلط روایت ڈالی گئی تو اسے بدلنا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 1048969

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048969/انتخابات-کیلئے-مل-بیٹھ-کر-بات-کرسکتے-ہیں-لیکن-حکومت-کی-نیت-میں-خلل-ہے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org