QR CodeQR Code

واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانہ کے باہر خالصتان حامیوں کا احتجاج

27 Mar 2023 18:20

خالصتان حامی مظاہرین نے امرت پال سنگھ کی حمایت میں ہندوستانی سفارت خانے کے باہر خالصتانی پرچم بھی لہرائے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت بھر میں ’وارث پنجاب دے‘ تنظیم کے سربراہ اور خالصتان حامی امرت پال سنگھ کی تلاش جاری ہے۔ پنجاب پولیس ایک ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اب تک امرت پال پولیس کی پہنچ سے دور ہے۔ دریں اثناء خالصتان حامیوں نے واشنگٹن ڈی سی میں ہنگامہ برپا کر دیا۔ واشنگٹن ڈی سی میں بھارتی سفارت خانے کے باہر خالصتانیوں نے شدید احتجاج کیا اور ہنگامہ آرائی کی۔ احتجاج کے دوران خالصتان حامیوں نے ہندوستانی صحافی للت کے جھا پر حملہ کر دیا۔ اس پورے واقعہ کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں خالصتان حامی گالیاں دیتے نظر آ رہے ہیں۔ وہ حکومت ہند کے لئے ناشائستہ الفاظ استعمال کر رہے تھے۔ متاثرہ ہندوستانی صحافی نے بتایا کہ خالصتان حامیوں نے ان کے کان پر دو لاٹھیاں ماریں۔ اس دوران امریکی سیکرٹ سروس نے ہندوستانی صحافی کی مدد کی۔ خالصتان حامی مظاہرین نے امرت پال سنگھ کی حمایت میں ہندوستانی سفارت خانے کے باہر خالصتانی پرچم بھی لہرائے۔

اس دوران مظاہرین نے سرعام ہندوستانی سفارت خانے کو سبوتاج کرنے کی دھمکیاں دیں اور ہندوستانی سفیر ترنجیت سنگھ سندھو کو بھی گالیاں دیں۔ مظاہرین خالصتان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ وہ ہندی اور انگریزی زبان میں بات کر رہے تھے اور گالیاں دے رہے تھے۔ ہندوستانی سفارت خانے نے مزید کہا کہ ایک سینئر صحافی پر اس طرح کے سنگین اور غیر ضروری حملے کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیاں خالصتانی مظاہرین اور ان کے حامیوں کی پرتشدد اور سماج دشمن نوعیت کی نشاندہی کرتی ہیں، جو باقاعدگی سے تشدد اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1048996

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1048996/واشنگٹن-میں-بھارتی-سفارتخانہ-کے-باہر-خالصتان-حامیوں-کا-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org