QR CodeQR Code

صدر عارف علوی کو پی ٹی آئی کی نہیں پاکستان کی ترجمانی کرنی چاہیئے، مرتضیٰ وہاب

27 Mar 2023 18:36

سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ مشکل حالات میں لوگ جلسوں میں لگے ہوئے ہیں، عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے سب کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، عمران خان نہیں چاہتے کہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صدر پاکستان اب پی ٹی آئی کے کارکن نہیں وہ صدر پاکستان ہیں، انہیں پاکستان کی ترجمانی کرنی چاہیئے۔ سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماہ رمضان میں 23 مارچ کو آرڈیننس جاری کیا گیا ہے، اس کے تحت دکاندار اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں ورنہ ان اشیاء کو ضبط کرکے اسی وقت حکومتی نرخ پر فروخت کردی جائیں گی اور انکے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، منافع خوروں پر صرف جرمانے نہیں بلکہ انہیں سزائیں بھی دینا شروع کردی ہیں، منافع خوری ناقابل برداشت ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بلاول بھٹو نے دنیا کے سب سے بڑے دل کے امراض کے اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا، جوہر فلائی اور کو عوام کے لئے کھولا گیا، ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

بلدیاتی الیکشن سے متعلق انہوں بتایا کہ حکومت سندھ نے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کردیا ہے، الیکشن کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ کئی ماہ گزر جانے کے بعد مخصوص نشستوں کے انتخابات نہیں ہو سکے ہیں، جس کے باعث چیئرمین و وائس چئیرمین کے انتخابات التواء کا شکار ہیں اور بلدیاتی نمائندگان حلف نہیں لے سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو لے کر ابھی تک منافع خور فائدہ اٹھاتے ہیں اس کا نقصان عام آدمی کو ہوتا ہے، ماضی میں پرائس کنٹرول کا میکنیزم بہت سادہ تھا، اس مرتبہ یقینی بنایا جائے گا کہ سرکاری نرخ پر ہی تمام اشیاء فروخت ہوں کوئی بھی دکاندار طے شدہ ریٹ سے تجاوز کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے آرڈیننس کے تحت ہم نے قانون کو تبدیل کیا ہے بڑے جرمانے لگائے جائیں گی، دکان کو سیل اور ٹھیلوں کو ضبط کیا جاسکے گا ضبط کی گئی اشیاء آکشن کرنے کا آرڈیننس پاس کیا گیا ہے، اس آرڈیننس کے تحت پرائس انسپکٹر کے اختیارات کمشنر، ڈپٹی کمشنر کے علاوہ دیگر 98 افسران کو دیئے گئے ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسی طرح سندھ کے دیگر اضلاع میں افسران کو یہ اختیارات دیئے ہیں، اس قانون میں سیکشن 5 اے ہے جو اختیار دیتا ہے کہ آپ قیمتوں کو چیک کر سکتے ہیں، اشیاء ضبط بھی کی جا سکتی ہیں، کل میں نے خود مختلف مقامات کا دورہ کیا، بچت بازار میں قیمتیں کنٹرول ہیں لیکن عام مارکیٹس میں ان ریٹس کو فالو نہیں کیا جا رہا تھا، پاک کالونی میں میں نے عام آدمی بن گر گیا وہاں کیلے کا ریٹ پوچھا تو اس نے دو سو روپے درجن بتایا اسی وقت وہ مال ضبط کیا گیا اور اس کو گورنمنٹ ریٹ پر آکشن کیا گیا یہ ڈر خوف اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس معاملے کو ٹھیک کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، شہریوں سے گزارش ہے جو شخص سرکاری نرخ پر اشیاء فروخت نہیں کر رہا اس کی شکایت کریں، ہم ان تمام افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ آٹے کی مد میں دو، دو ہزار روپے دیئے جائیں گے، یہ رقم 78 لاکھ خاندانوں میں بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت دی جائے گی، رقم ادائیگی بدھ سے شروع ہوجائے گی، پہلے فیز میں 38 لاکھ لوگوں کو رقم فراہم کی جائے گی، بقیہ 40 لاکھ افراد کو دو یا تین اپریل سے رقم کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں لوگ جلسوں میں لگے ہوئے ہیں، ریلیف کے کاموں میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کام کر رہی ہے، عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے سب کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، عمران خان نہیں چاہتے کہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔ ایک اور سوال کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب ممبران قومی اسمبلی کو گرفتار کیا جا رہا تھا، کبھی عارف علوی کو خیال آیا کہ خط لکھ لیں، کیا آج ہی ان کے پاس لیپ ٹاپ آیا ہے، اصول کی بات تو پھر سب کے لئے ایک ہونی چاہیئے، کسی کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو کارروائی میں کسی کو روڑے اٹکانے نہیں چاہئیں، ہاں بغیر کسی شکایت کے کارروائی نہیں ہونے چاہیئے، عارف علوی پاکستان کے ترجمان ہیں، انہیں پاکستان کی ترجمانی کرنی چاہیئے پی ٹی آئی کی نہیں۔


خبر کا کوڈ: 1049025

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049025/صدر-عارف-علوی-کو-پی-ٹی-آئی-کی-نہیں-پاکستان-ترجمانی-کرنی-چاہیئے-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org