0
Monday 27 Mar 2023 19:58

فلسطین اور قبلہ اول امت مسلمہ کا دل ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی

فلسطین اور قبلہ اول امت مسلمہ کا دل ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع نواب شاہ کی تحصیل سکرنڈ کے گاؤں کھوسہ کا دورہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے تحصیل صدر اختر حسین و دیگر مقامی ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر جامع مسجد میں مومنین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ رمضان اللہ کا مہینہ ہے۔ جو ہمیں اللہ تعالیٰ کی عبادت اور بندگی کا درس دیتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک نزول قرآن کریم کا مہینہ ہے۔ جس میں قرآن مجید کی تلاوت اور قرآن فہمی پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روایات میں ہے کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کے اصحاب دن کے بہادر شیر اور رات کو راہبوں کی طرح عبادت و بندگی خدا کرنے والے ہوں گے۔

ہم نے اگر امام عصر علیہ السلام کے لشکر میں شامل ہونا ہے تو باطل قوتوں کے مقابلے میں مرد میدان بنیں اور ہماری زندگی خصوصاً راتیں عبادت الٰہی سے مزین ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور قبلہ اول امت مسلمہ کا دل ہے۔ جس پر غاصب صہیونی قبضہ ناقابلِ قبول ہے۔ فلسطینی شہریوں کو ان کے آبائی وطن سے زبردستی بے دخل کرکے غاصب صیہونیوں کو دنیا کے مختلف ممالک سے لا کر سرزمین فلسطین پر آباد کیا گیا جو بدترین ظلم ہے۔ امریکہ برطانیہ سمیت عالمی استکباری قوتیں اسرائیلی مظالم کی بانی اور پشت پناہ ہیں۔ ان شاءاللہ عنقریب فلسطین آزاد ہوگا اور ہم بیت المقدس و مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1049031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش