QR CodeQR Code

حکمرانوں نے مفت آٹے کی آڑ میں عوام کو ذلیل و خوار کرنیکا منصوبہ بنایا ہے، عبدالواسع

28 Mar 2023 01:22

المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل نے درگئی میں آٹے کے حصول کے لیے آئے ہوئے افراد پر انتظامیہ کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کو بربریت قرار دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے درگئی میں آٹے کے حصول کے لیے آئے ہوئے افراد پر انتظامیہ کی جانب سے ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج اور سابق تحصیل امیدوار رشید احمد قاضی اور جماعت اسلامی صوابی کے سابق امیر ضلع کے ساتھ اے سی رزڑ کے ناروا سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بربریت قرار دیا ہے۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان میں عبدالواسع کا کہنا تھا کہ ضلع اور تحصیل انتظامیہ جابر نہیں عوام کی خادم ہوتی ہے، یہ لوگ اگر خود کو انگریز کے نمائندے سمجھتے ہیں تو یہ ملک چھوڑ دیں، اور اگر عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لیتے اور عوام کے نوکر ہیں تو عوام کی خدمت کریں، خود کو باشاہ نہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کا باعزت طریقے سے حصول عوام کا حق ہے۔ حکمرانوں نے مفت آٹے کی آڑ میں عوام کو ذلیل و خوار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک میں آٹے کے حصول کے لیے عوام لمبی قطاروں میں کھڑی ہوتی ہے اور پھر انہیں بے عزت کیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ کار انتہائی ہتک آمیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے کی تقسیم میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکومتی ناکامی کے خلاف جماعت اسلامی میدان میں ہے اور باقی سب جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی بات کرتی ہے، جبکہ جماعت اسلامی عوام کی بات کرتی ہے، اس لیے حکومت اور انتظامیہ کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے اور اس کی لیڈر شپ کے خلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر آئندہ اس قسم کے واقعات ہوئے تو راست اقدام کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1049082

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049082/حکمرانوں-نے-مفت-آٹے-کی-آڑ-میں-عوام-کو-ذلیل-خوار-کرنیکا-منصوبہ-بنایا-ہے-عبدالواسع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org