QR CodeQR Code

آزادکشمیر، یوٹیلٹی سٹورز پر شناختی کارڈ کی شرط عوام کیلیے درد سر بن گئی

28 Mar 2023 13:34

عام شہری کا کہنا ہے کہ آٹا، گھی، چینی سمیت تمام اشیاء کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ کی شرط سمجھ سے بالاتر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر بھر کے سرکاری یوٹیلٹی سٹورز پر لاگو شناختی کارڈ کی شرط عوام کے لیے درد سر بن گئی، آٹا، گھی، چینی سے لے ماچس کی ڈبی تک ہر چیز پر شناختی کارڈ کی شرط لگا دی گئی، رمضان المبارک میں شہری سارا سارا دن ایک ایک چیز پر شناختی کارڈ لگانے کے لیے خوار ہونے لگے۔ شناختی کے بغیر ایک ماچس کی ڈبی لینا بھی محال ہو گیا، کچھ عرصہ قبل او ٹی پی شرط لگائی گئی تھی اب یکم رمضان المبارک سے یوٹیلٹی سٹور پر موجود تمام اشیاء پر شناختی کارڈ کی شرط لگا دی گئی ہے، آٹا، گھی، چینی سمیت تمام اشیائے پر شناختی کارڈ کی شرط سمجھ سے بالاتر ہے۔ایک شہری اگر ماچس کی خریداری کے لیے آئے تو اسے بھی شناختی کارڈ لگانا پڑتا ہے۔ عوامی شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑے آئیٹمز آٹا،گھی اور چینی کے علاوہ باقی تمام اشیائے پر سے شناختی کارڈ کی شرط فوری طور پر ختم کی جائے۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ رمضان المبارک میں بجائے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے آئے روز یوٹیلٹی سٹورز پر نئی نئی شرائط لاگو کر دی جاتی ہیں، ان شرائط سے عام شہری کو خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بڑے آئیٹمز جن میں گھی، آٹا، چینی شامل ہیں ان پر شناختی کارڈ لگانے کی تو سمجھ آتی ہے مگر سٹور پر موجود ہر ایک چیز کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط سمجھ سے باہر ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سمیت اعلیٰ حکام یوٹیلٹی سٹورز پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بینفشریز کے علاوہ دیگر شہریوں کے لیے بھی سبسڈی اشیاء فراہم کرے، اس مہنگائی کے دور میں ہر غریب شہری سبسڈی اشیاء سے مستفید ہو سکے، شہریوں کو یوٹیلٹی سٹورز سے خریداری میں آسانیاں پیدا کی جائیں، مختلف قسم کی شرائط لگا کر عوام کو پریشانی میں ڈالنے کے بجائے سہولیات دی جائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ یہ تمام اشیاء پر شناختی کارڈ کی شرط کو فی الفور ختم کیا جائے تاکہ شہری باآسانی خریداری کرسکیں۔


خبر کا کوڈ: 1049164

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049164/آزادکشمیر-یوٹیلٹی-سٹورز-پر-شناختی-کارڈ-کی-شرط-عوام-کیلیے-درد-سر-بن-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org