QR CodeQR Code

آج آئین کا مقدمہ لیکر ایوان میں پیش ہوا ہوں، شہباز شریف

28 Mar 2023 14:23

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایک لاڈلا عدالت میں پیش نہیں ہوتا، چاہے کتنے بھی نوٹس ملیں، اسے رات کے اندھیرے میں مختلف عدالتوں سے توسیع ملتی ہے، وہ عدلیہ کا مذاق اڑاتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاڈلا ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر تحکمانہ انداز میں بات کرتا ہے، اس نے آئین و قانون کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج آئین کا مقدمہ لیکر ایوان میں پیش ہوا ہوں۔ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے برس ہم اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے تھے، اتحادی جماعتوں نے ریاست کو بچانے کے لیے سیاست کو داؤ پر لگایا، آج آئین کا سنگین مذاق بنایا جا رہا ہے۔ وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ آج مقننہ اور عدلیہ کے اختیارات کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، ایک لاڈلا عدالت میں پیش نہیں ہوتا، چاہے کتنے بھی نوٹس ملیں، اسے رات کے اندھیرے میں مختلف عدالتوں سے توسیع ملتی ہے، وہ عدلیہ کا مذاق اڑاتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاڈلا ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر تحکمانہ انداز میں بات کرتا ہے، اس نے آئین و قانون کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ وہی لاڈلا ہے، جس نے اس پارلیمنٹ پر دھاوا بولا تھا، سپریم کورٹ کے باہر گندے کپڑے لٹکائے تھے، اس ایوان کو گالی دی اور تنخواہ بھی جیب میں ڈالی۔

عمران خان کی حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس لاڈلے کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا، عمران خان نے کہا کہ اس کی حکومت امریکا نے ختم کی، سابق وزیراعظم نے یوٹرن لیا اور کہا کہ امریکا نے سازش نہیں کی تھی۔ آئی ایم ایف سے متلعق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آج آئی ایم ایف ہم سے قدم قدم پر ضمانتیں لے رہا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں دوست ممالک کے وعدے پورے کرنے کا کہا جا رہا ہے، ہم دوست ممالک سے تعلقات بحال کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، اس شخص نے جس طرح دوست ممالک کے زعماء کو ناراض کیا، اس کی مثال نہیں ملتی، قوم کے اندر تقسیم در تقسیم کر دی گئی ہے اور اس لاڈلے کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 1049168

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049168/ا-ج-آئین-کا-مقدمہ-لیکر-ایوان-میں-پیش-ہوا-ہوں-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org