QR CodeQR Code

سوموٹو کا اختیار چیف جسٹس کے پاس ہے

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023ء قومی اسمبلی میں پیش

ماضی میں فرد واحد نے سوموٹو اختیار کو ایسے استعمال کیا، جس سے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا

28 Mar 2023 21:40

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ لوگوں کیساتھ بہت ناانصافیاں بھی ہوئیں، اگر سپریم کورٹ سے فیصلہ آئے تو انٹرا کورٹ اپیل بھی ہونی چاہیئے۔ ماضی میں بعض از خود نوٹس جگ ہنسائی کا سبب بنے، گذشتہ روز 2 ججز صاحبان کے موقف نے تشویش کی لہر پیدا کر دی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی اصلاحات سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ قومی اسمبلی میں قانون سازی کا عمل جاری ہے، جس کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی اصلاحات کا بل پیش کر دیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے وہ دور بھی دیکھا کہ جس میں ہسپتال میں پارکنگ سہولیات نہ ہونے پر سوموٹو نوٹس لیے گئے، از خود نوٹسز پر کافی تنقید ہو رہی ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے موجودہ رولز میں سوموٹو کا اختیار چیف جسٹس کے پاس ہے، ماضی میں فرد واحد نے اس اختیار کو ایسے استعمال کیا، جس سے ادارے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔ 2018ء میں بار کونسل نے کہا کہ پارلیمان اس بارے سوچے، بینچز کی تشکیل کیسے ہونی چاہیئے۔
 
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ لوگوں کیساتھ بہت ناانصافیاں بھی ہوئیں، اگر سپریم کورٹ سے فیصلہ آئے تو انٹرا کورٹ اپیل بھی ہونی چاہیئے۔ ماضی میں بعض از خود نوٹس جگ ہنسائی کا سبب بنے، گذشتہ روز 2 ججز صاحبان کے موقف سے تشویش کی لہر پیدا کر دی۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک اندیشہ پیدا ہوگیا کہ کہیں خدانخواستہ فرد واحد کے اختیار سے اعلیٰ عدلیہ کی شہرت کو کوئی نقصان نہ پہنچے، ہم نے اصلاحاتی بل پیش کیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ سے فیصلہ آئے تو انٹرا کورٹ اپیل بھی ہونی چاہیئے، گذشتہ روز 2 ججز صاحبان کے موقف نے تشویش کی لہر پیدا کر دی، اس وقت ایک بحرانی کیفیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم ترین بل ہے، اس بل کو کمیٹی کو ریفر کر دیا جائے، بغیر کمیٹی کے بہت اہم بل بھی پاس کیے گئے ہیں، یہ تو پانچ شقوں کا بل ہے، اس کو کمیٹی کو بھیج کر کل ہی پاس کیا جائے۔ سپریم کورٹ کے قواعد و ضوابط میں ترمیم اور وکلا کے تحفظ اور بہبود سے متعلق بل پیش کیا گیا، دونوں بل وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے پیش کیے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں بل قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیئے، جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ تک ملتوی کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1049257

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049257/سپریم-کورٹ-پریکٹس-اینڈ-پروسیجر-بل-2023ء-قومی-اسمبلی-میں-پیش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org