QR CodeQR Code

عوام کی حفاظت انقلابی گارڈز کی ریڈ لائن ہے، جنرل پاک پور

29 Mar 2023 07:37

اپنے خطاب میں سپاہ پاسداران کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ امریکی و صیہونی حکومتیں مسلمانوں کے درمیان مذہبی جنگ سے بہت خوش ہیں، کیونکہ اس سے انکے مفادات کو تحفظ حاصل ہوتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ روز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل "محمد پاکپور" نے صوبہ سیستان و بلوچستان میں قبائل کے عمائدین، علماء اور اکابر کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری برداشت کی حد یا ریڈ لائن صرف ہمارے عوام کی سلامتی تک ہے۔ اگر کوئی اس حد کو عبور کرے گا، ہم اس کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے کہا کہ ترقی اور سلامتی کا ہمیشہ سے ہی چولی دامن کا ساتھ ہے اور اگر بدامنی پھیلے یا صرف اس کا احساس بھی ہو تو ترقی کی منازل طے نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے امن کا ہونا ضروری ہے۔ اسی وجہ سے دشمن ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے بدامنی پھیلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمنوں کو موقع نہیں ملنا چاہیئے کہ وہ صوبے کی اقتصادی مشکلات کی وجہ بنیں۔ انقلابی گارڈز کے کمانڈر نے کہا کہ ہم تمام معاملات میں سلامتی کو ترقی دے کر خطے میں اقتصادی خوشحالی کے خواہاں ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے کہا کہ حالیہ بدامنی اور خلفشار میں کچھ لوگ وہم اور غلط اندازوں کا شکار ہوئے۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ امریکی و صیہونی حکومتیں مسلمانوں کے درمیان مذہبی جنگ سے بہت خوش ہیں، کیونکہ اس سے ان کے مفادات کو تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ انقلابی گارڈز کے کمانڈر نے کہا کہ ان مذہبی جنگوں کو شروع کرنے کا مقصد صیہونی رژیم کے خلاف لڑائی سے توجہ ہٹانا ہے۔ ہمارا سکیورٹی منصب ہمیں یہ حکم دیتا ہے کہ ہم سلامتی کے ساتھ ساتھ خطے کی اجتماعی اور اقتصادی مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ آج آپ قبائل کے عمائدین، سفید ریش اور بزرگان اس علاقے کی امنیت کے اصلی محافظ ہیں۔ پس پوری توانائی سے سلامتی کے تحفظ اور ترقی میں مدد کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں۔


خبر کا کوڈ: 1049320

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049320/عوام-کی-حفاظت-انقلابی-گارڈز-ریڈ-لائن-ہے-جنرل-پاک-پور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org