QR CodeQR Code

توشہ خانہ چوروں کا احتساب ادارے نہیں، اب نوجوان کریں گے، سراج الحق

29 Mar 2023 08:55

لاہور میں تقریب سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو ملک پر مینڈک کی طرح مسلط کیا گیا تھا، لیکن اب یہ اژدھے بن گئے ہیں، ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود آٹے کیلئے عوام مر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے عوام کیساتھ دھوکہ کیا یہ قوم پر مینڈک کی طرح مسلط کیے گئے تھے، مگر اب یہ اژدھے بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے چوروں کا احتساب اب کوئی ادارہ نہیں نوجوان کریں گے، زرعی ملک ہونے کے باوجود انہوں نے دنیا میں پاکستان کو تماشا بنا دیا ہے،لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں۔ لاہور کے علاقے چوک عاشق آباد میں جماعت اسلامی کے امیدوار پی پی 168 احمد سلمان بلوچ کی جانب سے اجتماعی سحری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
 
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو ملک پر مینڈک کی طرح مسلط کیا گیا تھا، لیکن اب یہ اژدھے بن گئے ہیں، ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود آٹے کیلئے عوام مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کو دنیا میں تماشا بنا دیا ہے، ہمارے ججز، جرنیل، سیاسی لیڈر، مغل بادشاہ نہ بنیں بلکہ عوام کے پاسبان بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی والے ظالم ہیں، جنھوں نے پورا نظام خراب کیا ہے، اگر آپ بجلی اور گیس کا بل گھر پہنچا سکتے ہیں تو کیا آپ لوگوں کے گھر میں آٹا نہیں بھیج سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ پاکستان نہیں ہے جس کیلئے قائداعظم نے جدو جہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں آپ کیساتھ دھوکہ کیا گیا، کبھی آپ کو روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر، کبھی آپ کو 50 لاکھ گھروں کے نام پر دھوکہ دیا گیا، مجھے یقین ہے نوجوان انقلاب کیلئے تیار ہیں، اب نوجوان کیساتھ مل کر انقلاب لائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1049333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049333/توشہ-خانہ-چوروں-کا-احتساب-ادارے-نہیں-اب-نوجوان-کریں-گے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org