QR CodeQR Code

اسرائیل غاصب ریاست ہے، 23 رمضان کو یوم القدس منایا جائے گا، فلسطین فاؤنڈیشن

30 Mar 2023 22:38

کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنا نظریہ پاکستان کی نفی ہے، اگر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بات کی جائے تو اس کا مطلب مسئلہ کشمیر سے روگردانی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین بشمول، ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی، سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما پیرزادہ ازہر ہمدانی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، معروف سماجی رہنما بشیر سدوزئی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اسرائیل کے لئے ماحول سازی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی یہودی شہری کو یہ حق کس نے دیا ہے کہ وہ پاکستان اور اسرائیل تعلقات کا سفیر بن جائے؟

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔ انہوں نے پاکستانی یہودی شہری کی جانب سے غاصب ریاست اسرائیل تک پاکستانی اشیاء کی برآمد کے معاملہ پر حکومت پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا حکومت نے نطریہ پاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات سے انحراف کا فیصلہ کرلیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اشیاء کو اسرائیل برآمد کرنے والے پاکستانی یہودی شہری کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنا نظریہ پاکستان کی نفی ہے، اگر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بات کی جائے تو اس کا مطلب مسئلہ کشمیر سے روگردانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے عناصر کا راستہ مشترکہ کوششوں سے روکیں گے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ 23 رمضان المبارک کے دن دنیا بھر کی طرح پاکستان میں عالمی یوم القدس منایا جائے گا، اس عنوان سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام کراچی، کوئٹہ، لاہور، ملتان، اسلام آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں القدس کانفرنسز بعنوان ”فلسطین کا دفاع پاکستان کا دفاع“ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ملک بھر میں تشہیری بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے جن پر قائد اعظم محمد علی جناح کا فرمان ”اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے“ لکھا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان المبارک میں جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا سرکاری اعلان کرے اور ملک بھر میں اسرائیل کے سلیپر سیل کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونی ریاست اسرائیل کو غاصب اور ناجائز قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے عناصر اسکولوں اور مختلف مقامات پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے لئے نرم گوشہ پیدا کرنے کی گھناؤنی سازشیں کررہے ہیں اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ملک بھر میں 23 رمضان المبارک بروز جمعہ کو عالمی یوم القدس منائیں اور القدس ریلیوں میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بناتے ہوئے فلسطین و قبلہ اول کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستا ن میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو آزاد نہیں چھوڑا جا سکتا، تاہم ان کا ہر سطح پر راستہ روکنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ مقررین  نے باہمی اتحاد کو فروغ دینے اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے سمیت عالمی صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی اتحاد پر زور دیا۔


خبر کا کوڈ: 1049668

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049668/اسرائیل-غاصب-ریاست-ہے-23-رمضان-کو-یوم-القدس-منایا-جائے-گا-فلسطین-فاؤنڈیشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org