0
Friday 31 Mar 2023 08:09

آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی فلسطینی اتھارٹی کے صدر سے ملاقات

آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی فلسطینی اتھارٹی کے صدر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ گذشتہ شب رام الله میں آذربائیجان کے وزیر خارجہ "جیحون بایراموف" نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ "محمود عباس" سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جیحون بایراموف نے کہا کہ آذربائیجان بہت جلد فلسطین میں اپنا نمائںدہ آفس کھولے گا۔ فلسطین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق، مقبوضہ فلسطین کا دورہ کرنے والے جیحون بایراموف نے رام الله میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمد عباس سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، محمود عباس نے آذری وزیر خارجہ کو فلسطین کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جیحون بایراموف سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ رام الله اور باکو کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے فلسطین کو سرکاری سطح پر تسلیم کریں۔ دوسری جانب آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے دونوں اقوام اور ممالک کے درمیان دو طرفہ روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔ جیحون بایراموف نے کہا کہ باکو بہت جلد فلسطین میں اپنے نمائندہ دفتر کا افتتاح کرے گا، 25 فلسطینی طلباء کے لئے اسکالر شپ جاری کرے گا اور اپنے بجٹ سے نابلس میں ایک یونیورسٹی بنائے گا۔

یہ حوادث ایسے وقت میں رونماء ہو رہے ہیں، جب حالیہ بدھ کے روز جیحون بایراموف نے اپنے سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے مقبوضہ فلسطین کا دورہ کیا۔ اپنے صیہونی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیحون بایراموف نے کہا کہ آذربائیجان نے مقبوضہ فلسطین میں 2021ء میں ایک سیاحتی اور تجارتی دفتر کا افتتاح کیا تھا۔ جس کے بعد ہم نے تل ابیب میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اگلے 20 دنوں میں باکو میں اسرائیل-آذربائیجان اقتصادی تعلقات کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں کا اعلان کیا۔ اس وقت آذربائیجان میں 140 سے زیادہ اسرائیلی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ جیحون بایراموف نے باکو اور تل ابیب کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز، زراعت اور پانی کے انتظامی شعبوں میں تعاون کا ذکر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سائنس، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں وسعت کو تعلقات مضبوط ہونے کی وجہ قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 1049731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش