QR CodeQR Code

کراچی کی آبادی کو کم شمار کرکے اسکے وسائل پر ڈاکا مارا جائیگا، مصطفیٰ کمال

31 Mar 2023 19:03

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ اگر ہمیں درست شمار نہیں کیا گیا تو اس کا نقصان کراچی میں رہنے والی تمام لسانی اکائیوں کو ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے آج یہ بات پوری دنیا تک پہنچ چکی ہے کہ کراچی کی مردم شماری میں فراڈ ہو رہا ہے، کراچی کی آبادی کو کم شمار کرکے کراچی کے وسائل پر ڈاکا مارا جائیگا، ایسے کراچی کے مسائل کبھی حل نہیں ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں ایم کیو ایم پاکستان کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک ارباب اختیار ہمارے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے مردم شماری کے حوالے سے بات کرکے اعتماد میں نہیں لے لیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی کے عوام کو درست شمار کروائیں، کیونکہ اس بار بھی کراچی کی آبادی کو کم شمار کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں نے منظم سازش کے تحت کراچی کے وسائل کو ہڑپ کرنے کا سوچ لیا ہے، اگر ہمیں درست شمار نہیں کیا گیا تو اس کا نقصان کراچی میں رہنے والی تمام لسانی اکائیوں کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار کو کراچی کے عوام کا ذرا برابر بھی احساس ہے، تو خدارا اس شہر کے وسائل کو کچے کے ڈاکوں کو لوٹنے نہیں دیں اور اپنا کردار ادا کرکے کراچی کے عوام کو درست شمار کروائیں۔


خبر کا کوڈ: 1049771

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049771/کراچی-کی-آبادی-کو-کم-شمار-کرکے-اسکے-وسائل-پر-ڈاکا-مارا-جائیگا-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org