QR CodeQR Code

تحریک انصاف جمہوریت کیلئے آخری حد تک جائے گی

اس سازش کیخلاف کھڑی ہونیوالی تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، عمران خان

31 Mar 2023 20:51

زمان پارک میں سینیئر صحافیوں سے ہونیوالی ملاقات میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، لیکن آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے تحریک انصاف ہر آخری حد تک جائے گی۔ سینیئر صحافیوں کی زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آزادانہ الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، لیکن آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں ہوگی، وکلاء کی تحریک میں پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا نون لیگ نے جیسے 1997ء میں نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرنے والے جسٹس سجاد علی شاہ پر حملے کیلئے سپریم کورٹ پر دھاوا بولا، ویسے ہی ایک مرتبہ پھر یہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکا رہی ہے، کیونکہ انتخابات سے خوفزدہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ضرورت پڑنے پر پوری قوم آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے دفاع کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہے۔ انہوں نے کہا ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے، جو اس سازش کیخلاف کھڑی ہونے کو تیار ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میری اپنی وکلا برادری سے خصوصی اپیل ہے کہ آئین پاکستان اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے اسی طرح آگے بڑھ کر کردار ادا کریں، جیسا انہوں نے 2007ء کی وکلاء تحریک کے دوران کیا۔


خبر کا کوڈ: 1049832

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049832/اس-سازش-کیخلاف-کھڑی-ہونیوالی-تمام-سیاسی-جماعتوں-سے-بات-کرنے-کیلئے-تیار-ہیں-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org