0
Friday 31 Mar 2023 23:24

ملک میں سیاسی سیز فائر کی اشد ضرورت، الیکشن سے نہیں بھاگنا چاہئے، سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے

ملک میں سیاسی سیز فائر کی اشد ضرورت، الیکشن سے نہیں بھاگنا چاہئے، سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے
اسلام ٹائمز۔ سیاسی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سیاسی سیز فائر کی ضرورت ہے، ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہونا چاہیئے، سیاستدانوں کو الیکشن سے نہیں بھاگنا چاہیئے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاع مشاہد حسین سید نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، 2022ء کو سیاست کی وجہ سے ضائع کیا گیا، سیاسی چپقلش سے ملک عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو الیکشن سے نہیں بھاگنا چاہیئے، ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہونا چاہیئے، شفاف الیکشن کے ذریعے جو بھی حکومت آئے، اسے موقع ملنا چاہیئے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ عدلیہ، فوج کا آپشن آخری ہوتا ہے، سیاسی لیڈر شپ کو رول ادا کرنا ہوگا، ہمیں ماضی کے تلخ تجربات سے سیکھنا ہوگا، مسائل کو پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل کرنا ہوگا، اگر مسائل حل نہیں ہونگے تو پھر سری لنکا والی سٹیج آجائے گی، لوگوں میں بہت غصہ ہے، مل بیٹھ کر اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔

سابق سفیر و سابق مستقل مندوب اقوام متحدہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ صرف ایک نہیں پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، زندگی میں ایسی صورتحال پہلے نہیں دیکھی، موجودہ صورتحال میں سیاسی سیز فائر کی ضرورت ہے، یہ کہنا بہت آسان ہے کہ انتخاب کرا دیں، سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، سیاسی لیڈران کے درمیان الیکشن رولز کے لیے معاہدہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بلیم گیم کا ملک اور عوام کو کوئی فائدہ نہیں، سب سے اہم چیز ملک کی اکانومی ہے، اس وقت پاکستان کو 11 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی ہی ہونا چاہیئے، عدالت کا کام انصاف کرنا ہوتا ہے، فوج کو طرف داری کا بھی کہتے ہیں اور پھر ان پر تنقید بھی کرتے ہیں، سیاست دانوں کو ان کرائسز کا حل نکالنا چاہیئے، ہماری ریاست ناکام نہیں ہوئی، گورننس ناکام ہوئی، لڑائی جھگڑے بہت شدت اختیار کر گئے ہیں۔ مصنف و دانشور جاوید جبار نے کہا کہ عدلیہ، فوج کا بھی ایک اہم رول ہے، اس وقت عدلیہ کا بڑا اہم رول ہے، جنرل باجوہ نے کہا فوج مداخلت نہیں کرے گی، لیکن آج بھی فوج کا ایک رول جاری ہے، فوج اگر چاہتی ہے کہ مداخلت نہیں کرنی تو پھر ثابت کرے۔
خبر کا کوڈ : 1049908
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش