QR CodeQR Code

شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، جہاد اسلامی

1 Apr 2023 14:49

اپنے ایک بیان میں جہاد اسلامی کا کہنا تھا کہ فلسطینی نوجوان کا قتل قابض دہشتگرد قوتوں کی نفرت اور نسل پرستی کو ظاہر کرتا ہے، جو مسجد اقصیٰ میں لاکھوں نمازیوں کی موجودگی سے مشتعل تھے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" نے صیہونی فوج کے ہاتھوں ایک فلسطینی نوجوان کی شہادت کی مذمت کی۔ جہاد اسلامی نے فلسطینی عوام سے اسرائیلی جرائم کے خلاف مقاومت جاری رکھنے پر زور دیا۔ جہاد اسلامی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے سامنے "باب السلسلہ" پر فلسطینی نوجوان ڈاکٹر "محمد خالد العصیبی" کا قتل ایک خطرناک عمل ہے، جس کا مقصد اس مقدس مقام پر عبادت کرنے والوں اور نمازیوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔ اسلامک فرنٹ نے کہا کہ یہ جرم قابض دہشت گرد قوتوں کی نفرت اور نسل پرستی کو ظاہر کرتا ہے، جو مسجد اقصیٰ میں لاکھوں نمازیوں کی موجودگی سے مشتعل تھے۔ جہاد اسلامی نے صیہونی حکومت کو ان جرائم کا ذمہ دار قرار دیا اور اس امر کی جانب زور دیا کہ فلسطینی مقاومت کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ جہاد اسلامی نے صیہونی حکومت کے بڑھتے ہوئے وحشیانہ جرائم پر فلسطینی عوام سے مقاومتی سرگرمیوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔

آج صبح ذرائع ابلاغ نے مسجد اقصیٰ کے سامنے "باب السلسلہ" پر صیہونی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان کی شہادت کی خبر دی۔ اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بننے والا 26 سالہ نوجوان محمد خالد العصیبی تھا، جو دریائے اردن کے مغربی کنارے میں "النقب" کے قصبے "حوارہ" کا رہائشی تھا۔ مسجد اقصیٰ کے اطراف میں فائرنگ کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا، جب صیہونی حکومت کی شدید پابندیوں کے باوجود اڑھائی لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں نے نماز عشاء اور تراویح میں شرکت کی۔ نیز رمضان المبارک کے دوسرے جمعے میں لاکھوں کی تعداد میں نمازی حضرات شریک ہوئے۔ یہ امر قابل غور ہے کہ فلسطین بھر سے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نماز عشاء اور تراویح کے لئے مسجد اقصیٰ پہنچی۔ واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ میں رمضان کی تقریبات میں لاکھوں فلسطینی ایسے عالم میں شریک ہو رہے ہیں، جب صیہونی افواج مقبوضہ قدس، مسجد اقصیٰ کے داخلی دروازے اور مغربی کنارے کے اطراف میں اسرائیلی چیک پوسٹ پر کثیر تعداد میں تعینات کئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1049952

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1049952/شہداء-کا-خون-رائیگاں-نہیں-جائیگا-جہاد-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org