یمن نے قرآن کریم کی اہانت میں ملوث ممالک کی مصنوعات پر پابندی لگا دی
1 Apr 2023 16:38
اپنے ایک بیان میں یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کا کہنا تھا کہ قومی نجات حکومت ملک میں قرآن مجید کی توہین کرنیوالے ممالک کی مصنوعات کی درآمد کو روکے۔
اسلام ٹائمز۔ آج ایک کارروائی کے دوران یمن کی اعلیٰ سیاسی شوریٰ نے قرآن مجید کی توہین کرنے والے ممالک کی اشیاء درآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ عرب ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یمن کی سپریم پولیٹکل کونسل نے صنعاء حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ان ممالک کی مصنوعات کے ملک میں داخلے پر پابندی لگائی جائے، جو قرآن حکیم کی توہین میں ملوث ہیں۔ شوریٰ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مہدی المشاط کی صدارت میں یمن کی پولیٹیکل کونسل قرآن کی مسلسل توہین اور حال ہی میں ڈنمارک میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتی ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن کی اعلیٰ سیاسی شوریٰ نے قومی نجات حکومت کو حکم دیا ہے کہ ملک میں قرآن مجید کی توہین کرنے والے ممالک کی مصنوعات کی درآمد کو روکے اور اس سلسلے میں مناسب قانون سازی کرے۔
خبر کا کوڈ: 1049966