QR CodeQR Code

ماضی کے چیف جسٹس نے اداروں کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے، سعید غنی

1 Apr 2023 18:56

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر محنت سندھ نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ یہاں افتخار چودھری، ثاقب نثار جیسے چیف جسٹس رہے ہیں، جنہوں نے عدالتی وقارکو نقصان پہنچایا، چیف جسٹس کو اپنی ضد سے ہٹنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ماضی کے چیف جسٹس نے اداروں کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے، عمران نازی اس ملک میں نحوست ہے اور اس ملک کے لئے سیکورٹی تھریٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری، نجمی عالم اور دیگر موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران نازی کے عشق میں مبتلا بیٹھے ہوئے کو مشورہ ہے کہ وہ اکیلے عشق کرلیں ورنہ اس کے ساتھ عشق ملک کی تباہی کا سبب بن جائے گا، معروف مزدور رہنماء لیاقت ساہی اور ان کے ساتھیوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی اور انشاء اللہ آنے والے 11 یوسیز کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

سعید غنی نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ یہاں افتخار چودھری، ثاقب نثار جیسے چیف جسٹس رہے ہیں، جنہوں نے عدالتی وقارکو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو اپنی ضد سے ہٹنا چاہیئے، متنازعہ بنچ ملکی سیاسی معاملات کے فیصلے نہ کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ چیف جسٹس سے امید نہیں تھی کی وہ ایک جج کے بارے میں یہ کہیں کہ وہ کسی کو میسیج دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہوئے چیف جسٹس نے کل دکھ کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسی کے خلاف اس وقت ریفرنس بنایا گیا تاکہ وہ مستقبل میں چیف جسٹس نہ بن سکیں لیکن چیف جسٹس صاحب کو شاید قاضی فائز عیسی کے آنسو نظر نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کے کیس میں بھی  چیف جسٹس کا موقف تبدیل ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ میئر کے الیکشن سے پہلے اگر گیارہ یوسیز کا الیکشن کروانے کی نیت ہوتی تو 15 جنوری کے بعد شیڈول آجاتا۔


خبر کا کوڈ: 1050004

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1050004/ماضی-کے-چیف-جسٹس-نے-اداروں-کو-کمزور-کرنے-میں-کوئی-کسر-نہیں-چھوڑی-ہے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org