اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریکوں "جہاد اسلامی" اور "حماس" نے گذذشتہ شب الخلیل میں ہونے والے فدائی حملے کا خیر مقدم کیا۔ اس حملے میں تین صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔ جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ مذکورہ مقاومتی فورسز نے اس کارروائی کو فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی جرائم کا فطرتی جواب قرار دیا۔ اس حوالے سے جہاد اسلامی کے ترجمان "طارق عز الدین" نے کہا کہ یہ فدائی کارروائی فلسطینی نوجوان "محمد العصیبی" کی شہادت اور مسجد اقصیٰ پر حملے کا فطری ردعمل ہے۔ انہوں نے اس امر کی جانب زور دے کر کہا کہ مغربی کنارے، بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پر قابضین کے روا رکھے گئے جرائم کا حساب لیا جائے گا۔ جہاد اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ کہ مقبوضہ قدس اور مسجد اقصیٰ پر اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لئے صیہونی کوششیں فلسطینی مقاومتی حملوں سے ناگزیر ہو جائیں گی۔ "جنین" بریگیڈ سارے مغربی کنارے میں موجود ہے، جو قابض صیہونیوں کے گلے میں ہڈی کی طرح پھنس چکی ہے۔