0
Sunday 2 Apr 2023 12:40

بھارت کی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں واحد رکاوٹ ہے، تنویر الاسلام

بھارت کی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں واحد رکاوٹ ہے، تنویر الاسلام
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگریز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اس دیرینہ تنازعے کے حل میں واحد رکاوٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت رہنما تنویر الاسلام نے ”پاک کشمیر رشتے اور بھارتی عزائم” کے عنوان سے سیمینار سے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام غیر قانونی بھارتی قبضے سے اپنی آزادی کی تاریخی جدوجہد کو ہر گز ترک نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے عزم و ہمت کو توڑنے میں ناکامی کے بعد اب بھارت پاکستان کے ساتھ ان کی دلی وابستگی اور نظریاتی تعلق کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن مقبوضہ جموں و کشمیر کے باشعور عوام بھارت کی اس کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تنویر الاسلام نے کہا کہ کشمیری پاکستان کو اپنا محسن اور وکیل سمجھتے ہیں اور وہ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر انکے مشکور ہیں۔

سمینار سے پاک کشمیر سالیڈیرٹی کونسل کے صدر اور معروف کالم نگار سید عارف بہار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے ایک روز آزادی حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی لازوال رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور بھارتی سازشیں ان رشتوں کو ہرگز ختم نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ سید عارف بہار نے کہا کہ بھارت کے منفی عزائم کی فہرست بہت طویل ہے جنہیں ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان اس حوالے سے اپنی سفارتی کوششوں میں تیزی لائے۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما گلزار فاطمہ نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی عوام یک جان و دو قالب ہیں اور یہ بات بھارت کو کھٹک رہی ہے وہ اس تعلق کو کمزور کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا بے تحاشا استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو پاکستان سے دور کرنے کی اس منظم بھارتی مہم کو ناکام بنانا ہر کشمیری کا فرض ہے۔ سیمینار سے پروفیسر شاہد حسن میر، لبریشن فرنٹ کے رہنما شیخ ناظم الدین اور نوجوان رہنما طاہر آکاش لون نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 1050119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش