0
Sunday 2 Apr 2023 17:23

فلسطین کی آزادی میں ہمارا لہو بھی شامل ہے، علامہ مقصود ڈومکی

فلسطین کی آزادی میں ہمارا لہو بھی شامل ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان نے سخت الفاظ میں اسرائیل کی مذمت کی تھی۔ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں ہر چند عرصے بعد ایسے لوگ آتے ہیں جو اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی بات کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کی جانب سے منعقد ہونے والے القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ کوئٹہ میں القدس کانفرنس کی میزبانی کر رہے تھے۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی، جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا عبدالقادر لونی، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ ظفر عباس سمشی، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، علمائے دین اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ جمتہ الوداع کو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور فلسطین کی آزادی کیلئے یوم القدس مناتے ہیں۔ افسوس ہے کہ کوئٹہ میں القدس ریلی نکالی گئی تو اسرائیل کے ایجنٹوں نے ریلی پر حملہ کیا اور مظاہرین کو شہید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی فلسطین کیلئے پاکستانی بلخصوص  کوئٹہ کے عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ فلسطین کی آزادی میں ہمارا لہو بھی شامل ہے۔ انہوں نے شرکاء کو یوم القدس کی ریلی پر شرکت کی دعوت دیتے ہوئے گذارش کی کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 1050129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش