QR CodeQR Code

دین اسلام یتیموں، مسکینوں اور بیوائوں کا سہارا بننے کی تاکید کرتا ہے، شازیہ کیانی

2 Apr 2023 15:32

جمال فائونڈیشن کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنما کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو دوزخ کے عبرتناک عذاب کی وعید سنائی گئی ہے کہ جو اپنی نمازوں کی تو بڑی فکر کرتے ہیں مگر سوسائٹی کے محروم و محتاج بچوں کے سروں پر سایہ نہیں بنتے۔


اسلام ٹائمز۔ بانی ممبر پاکستان تحریک انصاف و انفارمیشن سیکرٹری لائرز فورم آزادکشمیر محترمہ شازیہ کیانی ایڈووکیٹ کا دورہ جمال فاؤنڈیشن، اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین جمال فاؤنڈیشن میاں اسد جمال بھی موجود تھے۔ محترمہ شازیہ کیانی ایڈووکیٹ یتیم، بے سہارا بچوں میں گھل مل گئیں ان سے خیریت دریافت کی انھوں نے بچوں کو پیار کیا اور افطاری بھی بچوں کے ساتھ کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یتیموں، مسکینوں، بیواؤں، بے سہارا اور غریب طبقے کو سہارا دینے، ان کی مکمل کفالت کرنے، ان سے پیار کرنے اور انہیں کھانا کھلانے، انہیں وسائل مہیا کرنے اور انہیں آسودگی فراہم کرنے کی اسلام ناصرف ترغیب دیتا ہے بلکہ معاشرے کے بے کس، محروم، نادار طبقے اور سوسائٹی کے محتاج، بے سہارا اور معصوم بچوں کی کفالت کے اہتمام کا حکم بھی دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمال فاؤنڈیشن حقیقی معنوں میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی آواز ہے یہاں بالکل ایک گھر جیسا ماحول ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے کے اس طبقے کو محروم رکھنے والوں کے لیے اسلام نے سخت وعید سنائی ہے اور کہا ہے کہ دین اسلام کو جھٹلانے والے وہ لوگ ہیں جو یتیموں کو دھکے دیتے ہیں، ان سے پیار نہیں کرتے، ان کی کفالت نہیں کرتے اور انہیں آسودگی دینے پر اپنا مال خرچ نہیں کرتے۔ وہ یتیموں کی ایسی کفالت نہیں کرتے جیسے اپنے بچوں کی کرتے ہیں۔ معاشرے کے ایسے افراد جو وسائل رکھتے ہوئے بھی اپنے مال سے یتیموں اور محتاجوں کا حصہ نہیں نکالتے ان کی نمازیں، حج و دیگر اعمال اللہ رب العزت رد فرما دیتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کو دوزخ کے عبرتناک عذاب کی وعید سنائی گئی ہے کہ جو اپنی نمازوں کی تو بڑی فکر کرتے ہیں مگر سوسائٹی کے محروم و محتاج بچوں کے سروں پر سایہ نہیں بنتے۔ انہیں اپنی نماز کا تو بڑا فکر رہتا ہے مگر وہ ان محتاجوں، یتیموں اور بیواؤں کی فکر نہیں کرتے، انھوں نے صاحب ثروت لوگوں سے بھرپور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے زکوٰة، صدقات اور خیرات جمال فاؤنڈیشن کو دیں تاکہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کی جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 1050147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1050147/دین-اسلام-یتیموں-مسکینوں-اور-بیوائوں-کا-سہارا-بننے-کی-تاکید-کرتا-ہے-شازیہ-کیانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org