0
Tuesday 11 Oct 2011 19:09

یونیفکیشن بلاک کے سربراہ طاہر علی جاوید کی تجویز کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق

یونیفکیشن بلاک کے سربراہ طاہر علی جاوید کی تجویز کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق
لاہور:اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن اراکین نے صوبائی اسمبلی توڑنے کا مشورہ دینے پر یونیفکیشن بلاک کے سربراہ طاہر علی جاوید کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی۔ پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا اور مسلم لیگ ق کی رہنماء سیمل کامران نے ڈاکٹر طاہر علی جاوید کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی۔  تحریک استحقاق پر پیپلزپارٹی کے 108 اور ق لیگ کے 29 ارکان کے دستخط موجود ہیں۔ تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر علی جاوید کا اسمبلی توڑنے کا مطالبہ غیر اخلاقی، غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے۔ ق لیگ کے رکن اسمبلی سیمل کامران کے مطابق طاہر علی جاوید نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے، اسمبلی توڑنے کی تجویز جمہوری اور آئینی اداروں کے خلاف سازش ہے، لہذا تحریک استحقاق ایوان میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈینگی مچھر سے زیادہ خطرناک ہیں، اسمبلی توڑنے کی سازش رائیونڈ میں تیار ہوئی، چیف جسٹس معاملہ کا ازخود نوٹس لے کر ڈاکٹر طاہر علی جاوید کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرائیں  کیونکہ ڈاکٹر طاہر جاوید کا اسمبلی توڑنے کا بیان سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، سینٹ کا الیکشن روکنے کے لئے اسمبلی توڑنا آئین سے انحراف اور غداری ہے، چیف جسٹس آف پاکستان، ڈاکٹر طاہر علی جاوید کے خلاف از خود نوٹس لیں اور اگر از خود نوٹس نہ لیا گیا تو قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر علی جاوید کے اسمبلی توڑنے کے مطالبے کے تانے بانے رائیونڈ سے ملتے ہیں، اگر طاہر جاوید کے مطالبے میں شریف برادران شریک نہیں تو ان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوائیں۔ شوکت بسرا نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے خلاف عدم اعتماد نہیں لائیں گے وہ جس طرح اقلیت کے وزیراعلیٰ ہیں اسی طرح رہیں گے، ہمیں ڈر ہے کہ شریف برادران سینیٹ کے الیکشن سے قبل پنجاب میں آگ نہ لگا دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن سینٹ کے انتخابات سے فرار چاہتی ہے اور اپنے اتحادیوں کے ذریعے ملک میں سیاسی افراتفری پھیلانا چاہتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد نے میڈیا کو بتایا کہ سینٹ انتخابات سے پہلے پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنا ڈاکٹر طاہر علی جاوید کی ذاتی سوچ ہے۔ رانا ارشد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن عوامی مسائل پر وفاق کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لئے مسلم لیگ ن کی جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 105479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش