0
Sunday 28 May 2023 23:50
امریکا و اسکے گماشتے نہیں چاہتے کہ پاکستان معاشی و سیاسی طور مستحکم ہو

وزیراعظم شہباز شریف کا مہنگائی سے متعلق حالیہ بیان ناکامی کا اعتراف ہے، محمد حسین محنتی

وزیراعظم شہباز شریف کا مہنگائی سے متعلق حالیہ بیان ناکامی کا اعتراف ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عوام سیاسی رسہ کشی سے تنگ ہیں، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، 13 جماعتی اتحادی حکومت پی ڈی ایم کے وزیراعظم شہباز شریف کا ”مہنگائی اتنی ہے کہ سمجھ نہیں آتا منہ چھپا کر کہاں جاؤں“ کا حالیہ بیان ناکامی کا اعتراف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ ہالا اور سعید آباد میں دستک مہم کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ کتنے دکھ و افسوس کی بات ہے کہ فرسودہ نظام اور حکمرانوں کی غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج پہلی اسلامی ایٹمی مملکت پاکستان کے عوام بجلی، گیس اور صاف پانی کی نعمت سے بھی محروم ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ جس پارٹی کی 70ء سے اور گذشتہ 15 سالوں سے سندھ میں حکومت قائم ہے، اس پارٹی کا چیئرمین کہتا ہے کہ وہ بھی پانی ٹینکر کے ذریعے خریدتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے گماشتے نہیں چاہتے کہ پاکستان معاشی و سیاسی طور مستحکم ہو، انتقام و انتشار سے نہیں، اتحاد و یکجہتی، جمہوریت کی بلادستی اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے سے ہی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ناکام ہو چکی ہیں، ملک میں حقیقی تبدیلی مہنگائی کے خاتمے و معاشی خوشحالی کیلئے حل صرف جماعت اسلامی ہے، جس کے پاس قابل و مخلص قیادت اور بہتر ویژن بھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1060667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش