QR CodeQR Code

نواز شریف نے ایٹمی پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا

نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دو تو ملک میں کھنڈرات بچتے ہیں، مریم نواز

ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کرنے والی پاک فوج کو بھی سلام

29 May 2023 04:09

لبرٹی چوک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے راہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ قائد مسلم لیگ نے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا تو پوری دنیا سے دباؤ آیا۔امریکی صدر نے قائد مسلم لیگ سے کہا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرو، انہوں نے پوری دنیا کا دباؤ برداشت کیا لیکن دھماکے کیے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دو تو ملک میں صرف کھنڈرات بچتے ہیں، مشرق سے مغرب جہاں دیکھو نواز شریف کے منصوبے نظر آئیں گے۔ لبرٹی چوک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے راہنما مسلم لیگ نون مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ پاکستانی قوم کو سلام جس نے متحد ہو کر مشکلات کا سامنا کیا۔ ایٹمی پروگرام کے معماروں نوازشریف اور بھٹو شہید کو سلام، ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کرنے والی پاک فوج کو بھی سلام۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے تو نوازشریف باکو کے دورے پر تھے۔ نواز شریف نے انڈیا کے دھماکوں کے 17 دن بعد ایٹمی دھماکے کیے۔ نوازشریف کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا بتایا گیا تو انہوں نے فون کر کے پوچھا کتنے دن لگیں گے، نوازشریف کو بتایا گیا کہ 17 دن لگیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا تو پوری دنیا سے دباؤ آیا۔ بل کلنٹن نے نواز شریف سے کہا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرو، نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ برداشت کیا لیکن دھماکے کیے۔ پوری دنیا نے نواز شریف کو کہا ایٹمی دھماکے نہ کرنا، پاکستان کو کہا گیا کہ پابندیاں لگ جائیں گی، نواز شریف نے ان پابندیوں کا مقابلہ کیا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں، پاکستان کے دفاع سے ترقی تک ایک ہی نام نواز شریف ہے، اتنے انتقام کا سامنا کرنے کے باوجود نواز شریف کی جماعت نہیں ٹوٹی، نواز شریف کو کوئی بھی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، نواز شریف کے ساتھی سیسہ پلائی دیوار کی طرح نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1060719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1060719/نواز-شریف-کے-ترقیاتی-منصوبے-نکال-دو-ملک-میں-کھنڈرات-بچتے-ہیں-مریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org