0
Tuesday 30 May 2023 20:14

سعودی عرب میں دو بحرینی جوانوں کی سزائے موت پر یمنی گروہوں کا ردعمل

سعودی عرب میں دو بحرینی جوانوں کی سزائے موت پر یمنی گروہوں کا ردعمل
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق انصاراللہ یمن نے سعودی عرب میں دو بحرینی جوانوں جعفر محمد سلطان اور صادق مجید ثامر کو سزائے موت دیے جانے کی شدد مذمت کی ہے۔ اس تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیانیے میں آیا ہے: "ہم اس وحشیانہ جرم کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کو ان مجرمانہ اقدامات کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ اسی طرح ہم بحرین کی کٹھ پتلی حکومت کی مجرمانہ خاموشی اور آل سعود رژیم کا ساتھ دینے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ بحرینی حکمران مکمل طور پر سعودی حکمرانوں کی مٹھی میں ہیں اور بحرینی مسلمان عوام کے مخالف ہیں۔" انصاراللہ یمن کے بیانیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آل سعود رژیم کی جانب سے یمن، بحرین، مشرقی علاقوں اور ملک کے اندر اور باہر دیگر حریت پسند انسانوں کے خلاف مجرمانہ اقدامات اس کی نابودی کا باعث بنیں گے اور شہداء کا خون انقلاب کو مزید شعلہ ور کر دے گا اور بہت جلد ظالموں کا گریبان ہاتھ میں پکڑ لے گا۔
 
دوسری طرف یمن کی ایک اور اسلامی مزاحمتی تنظیم "حزب الحق" نے بھی سعودی حکومت کی جانب سے دو بحرینی جوانوں کا سر قلم کئے جانے اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی ہے۔ حزب الحق نے اپنے بیانیے میں کہا ہے: "ہم انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں اور اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اس مجرمانہ اقدام پر موثر ردعمل ظاہر کریں۔" بیانیے میں مزید کہا گیا ہے: "ہم دنیا کے تمام حریت پسند انسانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سیاسی مخالفین اور مخالف عقیدہ رکھنے والوں کو سزائے موت دیے جانے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور یمن، فلسطین اور دنیا کے دیگر مظلومین کے حق میں انجام پانے والے ظلم پر خاموشی اختیار نہ کریں۔" یاد رہے حال ہی میں سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ دو بحرینی جوانوں کو دہشت گردانہ گروہ میں شمولیت اختیار کرنے کی بنا پر سزائے موت دے دی گئی ہے۔
 
سعودی وزارت داخلہ کے بیانیے میں دعوی کیا گیا ہے کہ یہ دو بحرینی جوان ملک میں دھماکہ خیز مواد اسمگل کرنے میں ملوث تھے اور انہوں نے یہ دھماکہ خیز مواد صحرا میں چھپا رکھا تھا جس کے بعد اسے دیگر دہشت گردوں کو فراہم کیا تھا۔ یہ جوان 8 مئی 2015ء کے دن گرفتار کئے گئے تھے۔ دوسری طرف غیر جانبدار ذرائع کے بقول ان دونوں بحرینی جوانوں نے اپنے اوپر عائد الزامات کو بارہا مسترد کیا تھا اور ان کا واحد قصور انقلابی سوچ کا حامل ہونا تھا۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفر محمد سلطان اور صادق مجید ثامر کو صرف اور صرف سیاسی مخالفت کی بنیاد پر سزائے موت دی گئی ہے۔ گذشتہ ہفتے بھی سعودی وزارت داخلہ نے شیعہ اکثریتی سعودی شہر قطیف سے تعلق رکھنے والے چار جوانوں کو سزائے موت دیے جانے کا اعلان کیا تھا۔ ان جوانوں پر قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیاں انجام دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1061008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش