0
Tuesday 30 May 2023 21:50

بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر نو آپ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، عارف علوی

بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر نو آپ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 19 سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔ جو اس بات کی دلیل ہے کہ بلوچستان ایک پر امن صوبہ ہے۔ جہاں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد ممکن ہے۔ منظم انداز میں قومی سطح کے ان کھیلوں کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج 34ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ، صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے ذاتی پیسوں سے 1948 میں جو ٹرافی خریدی تھی وہ آج بھی بلوچستان میں موجود ہے اور قائداعظم کی بلوچستان اور کھیلوں سے محبت کا مظہر ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح اور فاطمہ جناح نوجوان کی مثبت سمت میں ترقی پر خصوصی توجہ دیتے تھے اور آج بھی ہمیں ان عظیم شخصیات کے راستوں پر گامزن رہنے کی ضرورت ہے۔ کوئٹہ میں نیشنل گیمز کے انعقاد سے پوری دنیا پر واضح ہوا کہ بلوچستان ایک پرامن اور محفوظ صوبہ ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے بلوچستان میں قیام امن کے لئے کوششیں کیں، جو بار آور ثابت ہوئیں۔ یہ صوبہ بلا شبہ زرخیز اور معدنی دولت سے مالا مال خطہ ہے۔ جو پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا موجب بن سکتا ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر نو آپ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ آج کی محنت کل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور قائداعظم محمد علی جناح کے ارشادات کے مطابق ترقی کے اہداف اتحاد کے ذریعے ہی حاصل کئے جاسکتے ہیں اور یہ واضح ہے کہ کوئی بھی طاقت بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ صدر مملکت نے تمام کھلاڑیوں، منتظمین اور پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہترین اور منظم انداز میں قومی سطح کے کھیلوں کا انعقاد ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ 34ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے کامیاب ٹیموں کے ساتھ ساتھ وزیر کھیل و ثقافت بلوچستان عبدالخالق ہزارہ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، سیکرٹری اسپورٹس محمد اسحاق جمالی، بلوچستان پولیس کے نمائندے کو شیلڈ پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 1061017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش