0
Sunday 4 Jun 2023 12:29

امام خمینی (ر) نے اس وقت کے تمام طاغوتی نظاموں کو چیلنج کیا، علامہ ظفر عباس شمسی

امام خمینی (ر) نے اس وقت کے تمام طاغوتی نظاموں کو چیلنج کیا، علامہ ظفر عباس شمسی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا ہے کہ امام خمینی کی شخصیت ایک ایسی روحانی اور کامل شخصیت تھی، جنہوں نے اللہ پر اپنا یقین اس طرح سے کامل کر لیا تھا، جیسے ایک مرد مومن کو کرنا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ڈیرہ مراد جمالی میں "افکار امام خمینی" کے عنوان سے منعقدہ کنونشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں وہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے تھے۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی نے اسلامی انقلاب کے ذریعہ کروڑوں مستضعف انسانوں کو زندگی کی امید دی۔ یہی وجہ ہے کہ آج اسلامی انقلاب کے آثار و برکات سرحد سے نکل کر مشرق وسطی میں سب سے بڑا سیاسی اور اسلامی تحریکوں کا محرک بن گئے ہیں۔

امام خمینی کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو ایک بات بڑی واضح نظر آتی ہے کہ آپ کی پوری زندگی تعلیمات انبیاء و اوصیائے کرام اور اسلام و قرآن و اہلبیت علیہم السلام کے بتائے ہوئے بنیادی اصولوں کے گرد گھومتی ہے۔ آپ کی پوری زندگی کے حالات و واقعات اس قدر سخت اور مشکل گزرے ہیں کہ اگر کوئی عام انسان ان حالات سے گزرے تو شاید ایک دو روز میں ہی شکست خوردہ ہوجاتا، لیکن یہ امام خمینی کی ثابت قدمی اور اللہ پر ایمان کامل کا نتیجہ رہا کہ سخت سے سخت حالات کا آپ نے احسن طریقے سے مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں امام خمینی کی شخصیت ایک ایسی روحانی اور کامل شخصیت تھی، جنہوں نے اللہ پر اپنا یقین اس طرح سے کامل کر لیا تھا، جیسے ایک مرد مومن کو کرنا چاہیے۔

امام خمینی نے اپنی زندگی میں اس وقت کے تمام طاغوتی نظاموں کو چیلنج کیا اور اللہ پر کامل یقین رکھتے ہوئے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا۔ ایران میں شاہ کا زمانہ تھا، آپ کو متعدد مرتبہ مصائب و آلام کا نشانہ بنایا گیا، جلاوطن کیا گیا، سختیوں میں رکھا گیا لیکن آپ اپنے ہدف اور مقصد سے پیچھے نہ ہٹے۔ آپ نے اسلام کی سربلندی کی راہ میں ہر وہ قربانی پیش کی، جس کا آپ سے تقاضہ کیا گیا اور بالآخر آپ کو ملک بدر کر دیا گیا۔ پھر بھی آپ نے اپنی جدوجہد کو جاری رکھا اور بالآخر کامیابی سے ہم کنار ہوئے۔ ہمیں اس مرد عظیم کے افکار کو زندہ رکھنا ہوگا۔ کنونشن میں ضلعی صدر سید مرتضیٰ شاہ، تحصیل کے صدر سید بہار شاہ، سید موجن شاہ و دیگر عہدیداران و کارکنان کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 1061899
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش