QR CodeQR Code

عمران خان کیساتھ کسی قسم کی بات نہیں ہو سکتی، مولانا فضل الرحمان

5 Jun 2023 15:13

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کیخلاف ٹی ایل پی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے بھی لانگ مارچ کئے لیکن ایک گملہ تک نہیں ٹوٹا، جو فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہو گا اس کیخلاف قانون تو حرکت میں آئے گا، آرمی ایکٹ پر دی جانیوالی سزا پر اپیل کا حق حاصل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان سے اب کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہو سکتی، جب کوئی آرمی ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملہ کرے گا تو آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا، پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں، البتہ مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر آئے اور ان کے بڑے بھائی سردار محمود صادق کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ مہنگائی کیخلاف ٹی ایل پی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے بھی لانگ مارچ کئے لیکن ایک گملہ تک نہیں ٹوٹا، جو فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہو گا اس کیخلاف قانون تو حرکت میں آئے گا، آرمی ایکٹ پر دی جانیوالی سزا پر اپیل کا حق حاصل ہے۔
 
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات سے ہی معیشت کی بہتری ہو سکتی ہے، کیونکہ جو دھاندلی سے آنیوالی حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کیا وہ ابھی تک سنبھل نہ سکی۔  انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم آئندہ انتخابات میں انتخابی اتحاد نہیں کرے گی صرف علاقائی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن نے تحریک انصاف کے سربراہ سے کسی قسم کی بات چیت کرنے سے مکمل انکار کر دیا اور کہا کہ ان سے نہ پہلے مذاکرات کر رہے تھے اور نہ اب کر رہے ہیں۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سمیت دیگر امور طے کئے۔ فضل الرحمن نے شہباز شریف کو مہنگائی کم کرنے اور انتخابات کیلئے حکمت عملی بنانے پر بھی زور دیا۔
 


خبر کا کوڈ: 1062064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1062064/عمران-خان-کیساتھ-کسی-قسم-کی-بات-نہیں-ہو-سکتی-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org