0
Monday 5 Jun 2023 18:06
وہ چھپ کر بنکر میں بیٹھا ہے، عوام اسے نشان عبرت بنا دینگے

نواز شریف کی سیاست ختم کرنیوالی جماعت کرچی کرچی ہوگئی، مریم نواز

نواز شریف کی واپسی پر 2017ء سے ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا
نواز شریف کی سیاست ختم کرنیوالی جماعت کرچی کرچی ہوگئی، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہوگئی، بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والے کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے۔ باغ آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خالص کشمیری ہیں، کوئی سیاسی نعرہ نہیں، آج ہم کشمیر کی وادی میں کھڑے ہیں، کشمیر کے ہر گھر میں شہداء موجود ہیں۔ مریم نواز نے کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے شہداء کو سب کا سلام، وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام، شہداء کی یادگاروں کو جلانے والوں کا احترام نہیں کریں گے، شہداء کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہوسکتا، شہداء کے مجسموں کو توڑنے والا پاکستانی نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی غصے میں ہو، کوئی پاکستانی ملک کو آگ لگانے کی جرأت نہیں کرسکتا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا، پورا آزاد کشمیر شرمندہ ہے، شہداء کے ساتھ ایسا سلوک کرنے والے کو قوم معاف نہیں کرے گی، وہ چھپ کر بنکر میں بیٹھا ہے، عوام اسے نشان عبرت بنا دیں گے۔

نائب صدر نون لیگ نے کہا کہ یہ شخص ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا بھی کرکے آیا تھا، قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب موٹر وے پر سفر کرتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے؟ آزاد کشمیر میں ہسپتال، سکول، یونیورسٹیز دیکھتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے، 75 برسوں میں نواز شریف کے 9 سال نکال دو تو کچھ نظرنہیں آتا، گھیراؤ جلاؤ، فتنہ بازی کی سیاست سے کون یاد آتا ہے، جب کسی کے پاس کارکردگی نہ ہو، ایسی حرکتیں کی جاتی ہیں، جس کو مسلط کیا گیا، آج وہ جماعت کہاں گئی؟ جہاں سے جماعت آئی، وہیں واپس چلی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم اس کیخلاف گواہی دے رہا ہے، نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہوگئی، نواز شریف کے کئی دشمن آئے اور گئے، مشرف دور سے یہی کچھ دیکھ رہے ہیں، اللہ تعالیٰ نواز شریف کو بار بار لے کر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سینے پر مشکلات برداشت کیں، نواز شریف نے کبھی پاکستان پر آنچ نہیں آنے دی، انہوں نے کہا کہ جو کہتا تھا کہ اکیلا ہی کافی ہوں، آج اکیلا ہی رو رہا ہے، آج کل صبح و شام، رات کو روتا ہے، جس کو رلانا تھا، وہ مسلم لیگ (ن) آج ڈٹ کر کھڑی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کشمیر کا بیٹا ہے، آج تک کسی نے مسلم لیگ کے وزیراعظم آزاد کشمیر پر بدعنوانی کا الزام نہیں لگایا، اس نے اپنے خرچ کا ذمہ ان حکومتوں کے ذمے کیا ہوا تھا، ترقی، اچھی سڑکیں، اچھےکالج، یونیورسٹیز باغ والوں کا حق ہے، مشتاق منہاس کو ووٹ دیں باغ میں دل کے ہسپتال کو مکمل کرائیں گے، جس جماعت نے ترقیاتی کام کرائے اسے ووٹ دینا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نون لیگ نے کہا کہ میں 2021ء والا جلسہ نہیں بھولی، آج آپ نے اور کمال کر دیا، الیکشن کے دن جذبے کے ساتھ شیر پر مہر لگانا، مسلم لیگ کو مٹانے، نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے کئی آئے اور چلے گئے، نواز شریف آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں، جب ہر طرف نواز شریف کا نام ہی گونجے گا، نواز شریف کی واپسی پر 2017ء سے ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا، انہوں نے عوام سے کہا کہ 8 تاریخ کو شیر پر مہر لگانی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1062094
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش