0
Thursday 8 Jun 2023 06:35

گلگت بلتستان اسمبلی، حکومت نے اپنے ہی سپیکر کو عدم اعتماد کے ذریعے فارغ کر دیا

گلگت بلتستان اسمبلی، حکومت نے اپنے ہی سپیکر کو عدم اعتماد کے ذریعے فارغ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر سید امجد زیدی کو حکومتی اراکین نے عدم اعتماد کے ذریعے فارغ کر دیا۔ جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ بلا مقابلہ سپیکر جی بی اسمبلی منتخب ہو گئے۔ اپوزیشن اراکین نے عدم اعتماد پر ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔ سپیکر جی بی اسمبلی کی تبدیلی کا معاملہ اس وقت دلچسپ رخ اختیار کر گیا تھا جب مذاکرات کے بعد سید امجد زیدی نے استعفیٰ پیش کر دیا جس کے فوری بعد ہی انہوں نے گورنر جی بی کی ہدایت پر اپنا استعفی واپس لے لیا۔ اس سے پہلے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ اور سپیکر سید امجد زیدی کے مابین مبینہ زبانی معاہدے کے معاملے پر خود حکومتی حلقوں میں عجیب کشمکش کی فضاء پیدا ہو گئی۔ 
 
بتایا گیا تھا کہ جی بی میں حکومت سازی کے دوران سپیکر کے عہدے کیلئے نذیر احمد اور سید امجد زیدی کے مابین ڈھائی ڈھائی سال کیلئے سپیکر بننے کا زبانی معاہدہ ہوا تھا تاہم بعد میں سید امجد زیدی نے کسی معاہدے سے انکار کرتے ہوئے مستعفی نہ ہونے کا اعلان کیا۔ خود حکومتی اراکین نے سید امجد زیدی کو سمجھانے کی بھرپور کوشش کی اور بالآخر چند روز پہلے انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر کو پیش کیا۔ معاملہ اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا جب گورنر نے اس استعفے کی مخالفت کی جس کے فوری بعد ہی سید امجد زیدی نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا۔ جس کے بعد حکومتی اراکین نے اپنی ہی جماعت کے سپیکر کیخلاف عدم اعتماد پیش کر دیا۔
 
 دوسری جانب پی ڈی ایم کی اپوزیشن جماعتوں نے سپیکر کو ہٹانے کی مخالفت کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ بدھ کے روز جی بی اسمبلی کے اجلاس کے دوران عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی اور 21 حکومتی ممبران نے عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ اپوزیشن اراکین نے بائیکاٹ کیا۔ سہ پہر پانچ بجے سپیکر کے عہدے کیلئے ووٹنگ کا وقت مقرر تھا تاہم نذیر احمد کے مقابلے کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے اور وہ یوں بلا مقابلہ سپیکر منتخب ہو گئے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 1062490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش