0
Thursday 8 Jun 2023 03:34

محمد بن سلمان سے امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی مسائل گفتگو کا مرکز

محمد بن سلمان سے امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی مسائل گفتگو کا مرکز
اسلام ٹائمز۔ ایک امریکی عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ "انٹونی بلنکن" نے سعودی عرب کے ولی عہد "محمد بن سلمان" سے طویل ملاقات کی۔ ایک گھنٹہ چالیس منٹ دورانیے کی اس ملاقات میں اسرائیل سے تعلقات کی بحالی، یمن کی جنگ، سوڈان کے بحران اور انسانی حقوق پر طویل بات چیت ہوئی۔ اس امریکی ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انٹونی بلنکن نے بدھ کے روز دن کے پہلے حصے میں محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور دوطرفہ وسیع علاقائی مسائل پر واضح گفتگو کی۔ اس امریکی اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس ملاقات میں ممکنہ تعاون میں اچھی سطح پر ہم آہنگی پائی گئی اور اختلافی موضوعات کی نشان دہی کی گئی۔ پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ انٹونی بلنکن اور محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی بیشتر گفتگو، اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی پر مشتمل تھی۔ لیکن حکام نے ابھی تک تعلقات کی بحالی کے حوالے سے کسی بھی پیشرفت کے امکان کو مسترد کیا ہے۔
 
اس امریکی ذریعے نے تفصیلات بیان کئے بغیر کہا ہے کہ دونوں فریقین نے سعودی عرب اور اسرائیل کے مابین تعلقات کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے اور آئندہ بھی اس موضوع پر بات چیت جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ اور سعودی ولی عہد کے مابین یہ ملاقات جدہ کے السلام پیلس میں ہوئی۔ جس میں دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور مضبوطی کا جائزہ لیا۔ دونوں فریقین نے خطے میں ہونے والی پیشرفت، بین الاقوامی صورتحال اور اس شعبے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں امریکہ میں تعینات سعودی سفیر "ریما بنت بندر بن سلطان"، وزیر خارجہ "فیصل بن فرحان" اور قومی سلامتی کے مشیر "مساعد بن محمد" بھی موجود تھے۔ دوسری جانب امریکی مشیر خارجہ "ڈرک شولٹ"، سعودی عرب میں امریکی سفیر "مایکل رتنی"، سیکرٹری فارن افئیر "باربرا لیف" اور فارن آفس کے انچارج "ٹام سالیوان" موجود تھے۔

یاد رہے کہ قبل ازیں امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ انٹونی بلنکن 6 سے 8 جون تک سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے جہاں وہ سعودی حکام کے ساتھ اقتصادی، سلامتی اور عالمی و علاقائی مسائل میں اسٹریٹجک تعاون سمیت دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس سے پہلے بعض غیر امریکی ذرائع ابلاغ نے بھی رپورٹ دی تھی کہ امریکی وزیر خارجہ دورہ سعودی عرب کا منصوبہ بنا رہے ہیں تا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے اقدامات اُٹھائے جا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 1062594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش