بلاول بھٹو زرداری کی وفد کے ہمراہ آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی سے ملاقات
8 Jun 2023 12:32
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مرجع تقلید نے کہا کہ اسلامی مملکتوں کو باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوششیں کرنی چاہئے اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل میں ان کے مواقف بھی متحد ہونے چاہئے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نجف اشرف عراق میں آیۃ اللہ حافظ بشیرحسین نجفی دام ظلہ سے ملاقات کی۔ آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی مملکتوں کو باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوششیں کرنی چاہئے اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل میں ان کے مواقف بھی متحد ہونے چاہئے۔ مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے عراق اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں اور وہاں کی عوام کی مصلحتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لئے مشترک کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری و ساری رہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے اقتصاد اور تجارت کو فروغ ملے گا اور یہ دونوں ملکوں کی عوام کے حق میں بہتر ہے۔
خبر کا کوڈ: 1062623