QR CodeQR Code

جہانگیر ترین کیساتھ ہمارا آئیڈیل ورکنگ ریلیشن شپ ہے

پی ٹی آئی چھوڑ کر جانیوالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، عطاء تارڑ

عبدالرزاق شر والے معاملے کے تانے بانے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملتے ہیں

8 Jun 2023 12:25

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ گڈ ٹو سی یو نے ریلیف نہ دیا ہوتا تو کل عبدالرزاق شر کو شہید نہ کیا جاتا، یہ جرات کہاں سے آتی ہے کہ آپ اپنے خلاف کیسز کی پیروی پر وکیل کو قتل کرا دیں۔؟


اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی برائے داخلہ عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں، ان کو سلام پیش کرتا ہوں، فواد چوہدری اور علی زیدی غداری کا لیبل اپنے اوپر لگانے کو تیار نہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہونے میں 6 سال لگے، تاخیری حربے استعمال ہوئے، لاڈلے نے تاخیری حربوں کو استعمال کیا، ورنہ آج جیل میں ہوتا۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ گڈ ٹو سی یو نے ریلیف نہ دیا ہوتا تو کل عبدالرزاق شر کو شہید نہ کیا جاتا، یہ جرات کہاں سے آتی ہے کہ آپ اپنے خلاف کیسز کی پیروی پر وکیل کو قتل کرا دیں۔؟ انہوں نے کہا کہ کل مقتول وکیل کے بیٹے نے ملزم کو نامزد کرکے پرچہ کرایا ہے۔

عبدالرزاق شر والے معاملے کے تانے بانے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملتے ہیں، پہلے کرپشن کی اور اب وہ شخص قتل پر بھی اتر آیا ہے، یہ کریمنل مائنڈڈ لوگ ہیں، جن کا خیال ہے کہ ان کا وجود ریاست سے بڑا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب میں ہر سطح پر ہمارے پاس امیدوار موجود ہیں، پنجاب اسمبلی سے ہماری پارٹی کے صرف 5 لوگ چھوڑ کر گئے تھے، ہم نے کسی کو غدار نہیں کہا اور سب کو واپس لیا ہے۔ مسلم لیگ نون کے رہنماء نے مزید کہا کہ ہمارے پاس گنجائش ہی نہیں نئے لوگوں کو لینے کی، جہانگیر ترین کے ساتھ ہمارا آئیڈیل ورکنگ ریلیشن شپ ہے، الائنس کا فیصلہ تو پارٹی کرے گی، لیکن جہاں ہوسکے گا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جاسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1062638

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1062638/پی-ٹی-آئی-چھوڑ-کر-جانیوالوں-کو-سلام-پیش-کرتا-ہوں-عطاء-تارڑ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org