QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی میئر کراچی سے متعلق خوش فہمی میں مبتلا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

8 Jun 2023 17:24

پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کل ہمارے 63 لوگ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایوان میں موجود تھے، ہمارے 193 لوگ ہی میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں ہوں گے، امید ہے دیگر سیاسی جماعتیں بھی میئر کے انتخاب میں ساتھ دیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 15 جون کو بلدیاتی الیکشن کے بعد میئر کا انتخاب ہونے جا رہا ہے، پیپلز پارٹی میئر سے متعلق خوش فہمی میں مبتلا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کل ہمارے 63 لوگ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایوان میں موجود تھے، ہمارے 193 لوگ ہی میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں ہوں گے، امید ہے دیگر سیاسی جماعتیں بھی میئر کے انتخاب میں ساتھ دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وڈیرہ شاہی کو قائم رکھنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کراچی کے لئے کچھ نہیں کرنا چاہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں نئی نئی پارٹیاں وجود میں آرہی ہیں، ان حالات میں کراچی کی مردم شماری کو غائب کر دیا گیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایک پرچی دیکر کہا جاتا تھا کہ کراچی کی آبادی اتنی ہے، ایک کروڑ 91 لاکھ سے زائد کراچی کی آبادی بتائی جار ہی ہے جو کہ فراڈ ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان جھوٹا دعویٰ کر رہی ہے کہ انہوں نے کراچی کی آبادی میں 30 لاکھ کا اضافہ کیا، جو طریقہ کار اختیار کیا گیا وہ فراڈ ہے لہٰذا چیزیں سامنے لائی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 1062673

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1062673/پیپلز-پارٹی-میئر-کراچی-سے-متعلق-خوش-فہمی-میں-مبتلا-ہے-حافظ-نعیم-الرحم-ن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org