0
Thursday 8 Jun 2023 20:40

سرینگر کے ایک اسکول میں ’حجاب‘ پر پابندی کو لیکر طالبات کا احتجاج

سرینگر کے ایک اسکول میں ’حجاب‘ پر پابندی کو لیکر طالبات کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ کرناٹک اور بھارت کی کچھ دیگر ریاستوں میں طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی کا تنازعہ ابھی ختم بھی نہیں ہوا ہے اور اب مقبوضہ کشمیر کے سرینگر میں بھی ایک اسکول نے حجاب پر سخت پابندی لگا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرینگر میں ایک پرائیویٹ ہائر سیکنڈری اسکول انتظامیہ نے عبایا پہن کر آنے والی طالبات کو کلاس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ اس کے بعد طالبات نے ناراضگی کا اظہار کیا اور اس فیصلے کی مخالفت شروع کر دی۔ ایک طالبہ نے اسکول انتظامیہ سے اس بات پر بحث بھی کی اور کہا کہ وہ کسی بھی حال میں عبایا کے بغیر اسکول میں داخل نہیں ہوں گی۔ طالبہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں اتنے سارے لڑکے ہیں ایسے میں بغیر عبایا کے کیسے رہا جا سکتا ہے۔ اسکول کی کئی طالبات نے اسکول انتظامیہ کے اس قدم کی شدید مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اللہ اور رسول کے فرمان کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھائیں گی۔

اسکول میں 12ویں درجہ میں پڑھنے والی نوشیہ کا کہنا ہے کہ دو تین دن پہلے سے کہا جا رہا ہے کہ عبایا پہن کر اسکول نہیں آنا، یہ یہاں پر قابل قبول نہیں ہے۔ اس کے بعد طالبات پرنسپل کے پاس گئیں اور اپنی بات ان کے سامنے رکھی۔ پرنسپل کو انہوں نے بتایا کہ وہ عبایا کے بغیر اسکول نہیں آ سکتیں کیونکہ اچھا محسوس نہیں کرتیں۔ طالبات کی بات سننے کے بعد پرنسپل نے صاف لفظوں میں کہہ دیا کہ ہم کو اس سے کوئی مطلب نہیں۔ اگر زیادہ مسئلہ ہے تو پھر کسی دوسری جگہ داخلہ کرا لیجیے، لیکن یہاں اس کی (عبایا کی) اجازت نہیں دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے پہلے بھی کئی بار طالبات کو عبایا پہننے سے منع کیا تھا۔ اسکول انتظامیہ کی دلیل ہے کہ عبایا کی وجہ سے ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1062688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش