0
Thursday 8 Jun 2023 20:55

امام حسینؑ کی عزاداری اور پاکستان سے وفاداری ہمارا نصب العین ہے، علامہ شہنشاہ نقوی

امام حسینؑ کی عزاداری اور پاکستان سے وفاداری ہمارا نصب العین ہے، علامہ شہنشاہ نقوی
اسلام ٹائمز۔ مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کی جانب سے امام بارگاہِ المحسن کراچی میں عزاداری کنونشن سرپرستِ اعلی علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی، حسنین مہدی رضوی، جعفریہ الائنس کے علامہ باقر حسین زیدی، شبر رضا رضوی، مجلس وحدت مسلمین کے علی حسین نقوی، مجلس ذاکرین امامیہ کے علامہ نثار قلندری، علامہ ماجد رضا عابدی، علامہ شیخ محمد صادق جعفری، علامہ حسن رضا رضوی، جعفریہ رابطہ کونسل کے ڈاکٹر علی محمد بخاری، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے رہنما علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ زہیر عابدی، مولانا مبشر علی زیدی، علامہ جعفر رضا علوی، علامہ اسد زیدی، علامہ فرقان حیدر عابدی، منور عالم، آئی ایس او کے غیور عباس، اسکاؤٹس سے ساجد علی، مہدی حسن، شہزاد اور ملتِ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے خطاب کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ شہنشاہ نقوی کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام کی عزاداری اور پاکستان سے وفاداری ہمارا نصب العین ہے اور حسینیت و پاکستانیت ہماری پہچان و تعرف ہے، تشکیلِ پاکستان سے تعمیر پاکستان تک ہمارے بزرگوں کا قابلِ ذکر کردار ہے لہٰذا وطن سے پیار ہمارے رگ و پے میں بسا ہوا ہے۔ علامہ شہنشاہ کا کہنا تھا کہ عزاداری کے مسائل کا حل حکومت و ریاست کا کام ہے لہٰذا ہم ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام میں یہی چاہتے کہ عزاداران سید الشہداء کو عزاداری کی راہ میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انکا کہنا تھا کہ عزاداری سے متعلق تمام تنظیمیں، ادارے اور جماعتیں، پرمٹ ہولڈرز، ٹرسٹیز سب کی ہم آہنگی ضروری ہے، ایام عزاء میں پاکستان سے محبت، سلامتی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کے صدر ایس ایم نقی کا کہنا تھا کہ ملتِ جعفریہ پاکستان کا ہمیشہ مہذب، قانون پسند اور ذمہ دارنہ طرزِ عمل رہا ہے اور ہم اسی رویئے کے ساتھ آنے والے محرم الحرام کا استقبال کریں گے اور مطمئن رہیں گے کہ حکومتِ پاکستان ملتِ جعفریہ کے تمام جائز حقوق اور شہری آزادیوں کا خیال رکھتے ہوئے عزاداری کے اجتماعات کو منظم اور موثر رکھنے میں ہمارے ساتھ تعاون کرت گی۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ ملت جعفریہ نے ہزاروں جانوں کا نذرانہ دیا مگر کبھی عزاداری امام حسینؑ سے پیچھے نہیں ہٹی، عزاداری امام حسینؑ برپا کرنا ہمارا حق سے جس سے دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی، ایام عزاء میں پاکستان سے محبت، سلامتی اور ترقی کیلئے کوششیں ہر سال سے زیادہ انجام دینے کی ضرورت ہے اس حوالے سے تمام افراد اپنا کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1062697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش