0
Thursday 8 Jun 2023 23:22

آزاد کشمیر، ایل اے 15 میں ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر کامیاب

آزاد کشمیر، ایل اے 15 میں ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر کامیاب
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 میں ضمنی الیکشن میں مکمل پولنگ سٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر 22035 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق ایل اے 15 سے مسلم لیگ نون کے راجہ مشتاق منہاس 16271 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں الیکشن جیتنے پر ضیا القمر کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کا الیکشن جیتنا پیپلز پارٹی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے ضیا القمر کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کرنے پر آزاد کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ 2 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، یہ نشست سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو نااہل کیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حلقہ میں 18 امیدواروں نے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا۔ تحریک انصاف کے کرنل ضمیر، پیپلز پارٹی کے ضیا القمر اور مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس ایک دوسرے کے مد مقابل تھے۔ حلقہ میں ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 145 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 53 ہزار 107 اور خواتین کی تعداد 48 ہزار 38 ہے۔

باغ 2 ایل اے 15 میں گزشتہ انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر 14 ہزار 781 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس 11 ہزار 215 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے تھے، اس حلقے سے سردار تنویر الیاس 20 ہزار 10 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئے تھے۔ ضمنی الیکشن کیلئے حلقے میں 189 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے، جن میں مردوں کیلئے 59 پولنگ سٹیشن، خواتین کیلئے 57 پولنگ سٹیشن جبکہ 73 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 1062730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش